Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل ’شامی فائنل‘ میں بدل گیا، وزیراعظم مودی بھی فِدا

محمد شامی نے 57 رنز کے عوض نیوزی لینڈ کے سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: بی سی سی آئی/ایکس)
انڈیا نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں اس کا سامنا آسٹریلیا یا جنوبی افریقہ سے ہوگا۔
بدھ کو ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا کے بیٹرز نے وراٹ کوہلی اور شریاس آیئر کی سینچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 398 رنز کا ہدف دیا تھا۔
اس ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 327 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ انڈیا کی جیت میں فاسٹ بولر محمد شامی نے انتہائی اہم کردار ادا کیا اور 57 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں۔
محمد شامی کو شاندار بولنگ پر ’پلیئر آف دا میچ‘ کے انعام سے نوازا گیا اور سوشل میڈیا پر بھی صارفین اُن کی کارکردگی پر انہیں داد و تحسین دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے سیمی فائنل کی جیت کو کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کے سبب خاص قرار دیا اور اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں محمد شامی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس میچ میں اور پورے ورلڈ کپ میں محمد شامی کی بولنگ کو کرکٹ سے پیار کرنے والوں کی آنے والی نسلیں بھی سراہیں گی۔‘
سچن تندولکر بھی محمد شامی کی بولنگ سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے اور سیمی فائنل کو ’شامی فائنل‘ قرار دے دیا۔
مفصل وہرا نے ان ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’شکریہ محمد شامی، پورا انڈیا آپ کی آج کی کارکردگی کے بعد آپ کے سامنے سر جھکائے گا۔ آپ ایک لیجنڈ ہیں۔‘
کرکٹ ہر گہری نظر رکھنے والے پاکستانی سوشل میڈیا صارف نے انڈیا فاسٹ بولر کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے یہ بات بہت پسند ہے کہ محمد شامی میچ کے بعد انٹرویو میں ہندی زبان میں بات کرتے ہیں۔ کھلاڑیوں کو انگریزی میں انٹرویو دینے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں اُس زبان میں انٹرویو دینا چاہیے جس میں وہ بات کرنے میں مطمئن ہوں۔‘
خیال رہے کہ محمد شامی اس ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بن گئے ہیں۔ وہ اب تک میگا ایونٹ میں 23 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر چکے ہیں۔
یہی نہیں محمد شامی ورلڈ کپ کے ایک میچ میں سات وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پانچویں بولر بھی بن گئے ہیں۔

شیئر: