Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نیشنل کرکٹ چیمپیئن شپ 2023 کا ٹائٹل پختونخوا ٹیم کے نام

چیمپیئن شپ کا اہتمام سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے زیراہتمام ریاض میں کیا گیا۔ فوٹو: عرب نیوز 
ریاض میں کھیلی جانے والی سعودی نیشنل کرکٹ چیمپیئن شپ 2023  کے فائنل میں پختونخوا ٹیم نے پیٹریاٹس کو پانچ رنز سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔
عرب نیوز کے مطابق گذشتہ روز جمعے کو اختتام پذیر ہونے والی چیمپیئن شپ کے فائنل میچ میں پختونخوا نے 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر181 رنز بنائے۔

ریاض میں نوفا ریزورٹ کے خوبصورت گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے فائنل میں پیٹریاٹس کی پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 176 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
سعودی نیشنل کرکٹ چیمپیئن شپ 2023 کا اہتمام سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے سپورٹس فار آل فیڈریشن کے اشتراک سے کیا تھا۔ 
سعودی عرب کرکٹ فیڈریش  کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل السعود نے فائنل کی تقریب میں بتایا کہ فیڈریشن کا سب سے اہم پروگرام کرکٹ چیمپیئن شپ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فیڈریشن سے منسلک ٹیمیں مملکت کی 13 ریجنز میں موجود ہیں اور تقریباً نو ہزار سے زیادہ کھلاڑی ان ٹیموں کا حصہ ہیں۔
شہزادہ سعود نے بتایا کہ 2023 کی کرکٹ چیمپیئن شپ فیڈریشن کے زیرنگرانی چار پروگراموں میں سے ایک ہے جس کا مقصد سعودی عرب میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینا ہے۔

سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن  کے وائس چیئرمین نواف العتیبی کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کے طور پر ہمارا مقصد متعدد کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی تشکیل کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مملکت میں تمام کمیونٹز، غیرملکی شہری اور مقامی افراد ان کھیلوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔

’اس کے علاوہ کرکٹ کے میدانوں کے لحاظ سے مناسب انفراسٹرکچر کے ساتھ اور باقاعدگی سے یہ کھیل سٹیڈیم میں کھیلا جائے۔‘
فیڈریشن  کے وائس چیئرمین نواف العتیبی نے بتایا کہ سعودی وژن 2030 کے مطابق ہمارا ہدف مملکت کو عالمی معیار کی کرکٹ کی منزل تک پہنچانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن 2020 میں مملکت کے آٹھ ریجنز میں 12 ایسوسی ایشنز کے تعاون سے قائم کی گئی تھی، اور ابتدائی سال فیڈریشن نے چھ ہزار سے زیادہ کھلاڑیوں کو رجسٹر کیا۔
اس وقت فیڈریشن کے ساتھ مملکت کے 13 علاقوں سے 21 کرکٹ ایسوسی ایشنز منسلک ہیں جن میں 15 ہزار سے زیادہ کھلاڑی رجسٹرڈ ہیں۔ 

شیئر: