Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ کے حوالے سےعرب اسلامی وزارتی وفد ’کل‘ روس کا دورہ کرے گا

چینی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ’فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کرتے ہیں’(فوٹو، سبق)
عرب لیگ  اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں شامل ممالک کے وزرائے  خارجہ کا مشترکہ وفد کل  منگل کو روس کا دورہ کرے گا۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق عرب اور مسلم وزرائے  خارجہ غزہ کی صورتحال پر روسی وزیر خارجہ سرگی لیپروف سے ملاقات کریں گے۔  
مشترکہ اسلامی عرب سربراہ کانفرنس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی صدارت میں ایک وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
کمیٹی کے ارکان  قابض اسرائیلی حکام کے جرائم  بند کرانے اور غزہ، القدس اور غرب اردن میں جرائم پر اسرائیل کے احتساب کےحوالے سے ٹھوس اقدامات کرانےکے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک  کا خصوصی دورہ کریں گے۔ 
دریں اثنا عاجل ویب سائٹ کے  مطابق وفد کے دورہ چین کے بعد  چینی وزیر خارجہ  نے کہا ہے کہ ہمارا ملک فلسطینی شہریوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کرتا ہے۔ 
چینی وزیر خارجہ نے غزہ اور نہتے شہریوں کے حوالے سے چین کے ٹھوس موقف کا اظہار پیر کو مشترکہ اسلامی عرب ہنگامی سربراہ کانفرنس کے نمائندہ وزارتی وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔  
چینی وزیر نے کہا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے پائیدار مبنی بر انصاف حل اور قیدیوں کی رہائی کی خاطر جدوجہد کے لیے تیار ہیں۔ 
مسلم عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کے نمائندہ وفد نے  بیجنگ کے قصر الضیافہ میں چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کی تھی۔
اس موقع پر اردن، مصر، فلسطین  اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ  موجود تھے۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ بھی وفد میں شمل تھے۔ 
دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جو مسلم عرب وزرائے خارجہ کے نمائندہ وفد کے سربراہ ہیں پیر کو چین کے نائب صدر سے بیجنگ میں ملاقات کی۔

شیئر: