Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی کا نیا ’آزمائشی‘ قانون، خلاف ورزی کرنے والی ٹیم پر پانچ رنز کا جرمانہ

خیال رہے انٹرنیشنل کرکٹ میں بیٹرز کے لیے ایسا قانون پہلے ہی موجود ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دسمبر 2023 سے 2024 تک کے عرصے میں مردوں کے ون ڈے انٹرنیشل اور ٹی20 میچوں میں آزمائشی بنیاد پر ’سٹاپ ٹرائل‘ کے قانون کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
منگل کو آئی سی سی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قانون کو نافذ کرنے کا فیصلہ میچ میں اوورز کے درمیان ضائع ہونے والے وقت کو بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کا مزید کہنا ہے کہ ایک میچ میں ’اس (قانون) کی تیسری متربہ خلاف ورزی کرنے والی ٹیم پر پانچ رنز کا جُرمانہ لگایا جائے گا اگر وہ ایک اوورز کے اختتام کے بعد دوسرا اوور 60 سیکنڈز میں شروع نہیں کرتے۔‘
کرکٹ گورننگ باڈی کے مطابق یہ فیصلہ کرکٹ کی رفتار کو تیز کرنے اور شائقین کے میچ دیکھنے کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
خیال رہے انٹرنیشنل کرکٹ میں بیٹرز کے لیے ایسا قانون پہلے ہی موجود ہے۔
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق وکٹ گرنے کے بعد نئے آنے والے بیٹر کو دو منٹ کے اندر اپنی پہلی گیند کا سامنا کرنا ہوتا ہے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں اُسے ’ٹائم آؤٹ‘ قرار دے کر پویلین واپس بھیجا جا سکتا ہے۔
گذشتہ ہفتے اختتام پذیر ہونے والے ورلڈ کپ میں یہ قانون اُس وقت تنقید کی زد میں آیا تھا جب بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان میچ کے دوران اینجلو میتھیوز کو ’ٹائم آؤٹ‘ کے تحت کوئی بھی گیند کھیلے بغیر واپس پویلین لوٹنا پڑا تھا۔
اینجلو میتھیوز کرکٹ کی تاریخ میں ’ٹائم آؤٹ‘ ہونے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی تھے۔

شیئر: