Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق کپتان محمد یوسف پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

محمد یوسف کا کہنا ہے کہ ’پاکستان انڈر19 ٹیم کی کوچنگ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے‘ (فائل فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف کو قومی انڈر19 ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔
پی سی بی نے سنیچر کو جاری کیے گئے بیان میں محمد یوسف کو پاکستان انڈر19 ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کی تصدیق کی۔
محمد یوسف، 8 سے 17 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں اے سی سی انڈر19 ایشیا کپ اور سری لنکا میں 13 جنوری سے 4 فروری تک آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ میں بھی کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے۔
محمد یوسف اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ان کا شمار پاکستان کے مایہ ناز بیٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے ٹیسٹ میں 7 ہزار 530 جبکہ ایک روزہ میچز میں 9 ہزار 720 رنز بنا رکھے ہیں۔
سابق کپتان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 1998 سے 2010 کے دوران کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ 1788 رنز  بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
ایک بیان میں محمد یوسف نے کہا کہ ’انہیں انڈر19 ٹیم کا کوچ مقرر ہونے پر خوشی ہے اور یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’وہ اے سی سی انڈر19 ایشیا کپ اور آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کو بھرپور انداز میں تیار کرنے کی کوشش کریں گے۔‘
محمد یوسف نے کہا کہ ‘سینیئر ٹیم کی کوچنگ سے انہیں جو تجربہ حاصل ہوا وہ اسے انڈر19 ٹیم کے لیے استعمال کریں گے اور نوجوان کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو پروان چڑھائیں گے۔‘

شیئر: