رنبیر کپور اور رِشی کپور کے درمیان دوری کی وجہ کیا تھی؟
منگل 28 نومبر 2023 15:02
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ یکم دسمبر سے سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ (فائل فوٹو: ٹی سیریز/یوٹیوب)
انڈین اداکار رنبیر کپور نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے والد رِشی کپور کی فلمی مصروفیات کی وجہ سے کبھی اُن کے دوست نہیں بن سکے۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق اپنی نئی فلم ’اینیمل‘ کے حوالے سے منعقد ایک تقریب کے دوران اُن کا اپنے والد رِشی کپور کے بارے میں کہنا تھا کہ ’وہ ہمیشہ سفر میں رہتے تھے اس لیے ہمارے بیچ کبھی دوستانہ رشتہ نہیں رہا، ہم کبھی ساتھ ایسے ہی بات چیت کرنے نہیں بیٹھے اور اسی بات کا مجھے افسوس ہے۔‘
خیال رہے رنبیر کپور کے والد رِشی کپور اپریل 2020 میں انتقال کر گئے تھے۔
اپنے اور رشی کپور کےرشتے پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے رنبیر کپور کا مزید کہنا تھا کہ ’کاش میں اُن کا دوست بن سکتا، کاش میں اُن سے مزید شیئر کرسکتا اور یہ دُکھ ہمیشہ میرے ساتھ رہے گا۔‘
بالی وڈ اداکار نے کہا کہ ’میں نے اپنے والد کی ہمیشہ عزت کی لیکن ہم کبھی دوست نہیں رہے۔ لیکن مجھے خوشی ہے کہ میری اب ایک بیٹی ہے۔ جب خدا آپ سے کچھ لے لیتا ہے تو وہ آپ کو کچھ دیتا بھی ہے۔‘
اپنی موت سے کچھ سال پہلے رِشی کپور نے رنبیر کپور کے حوالے سے کہا تھا کہ ’وہ ایک اچھا بیٹا ہے اور میری بات بھی مانتا ہے لیکن میں اُس کے کیریئر میں مداخلت نہیں کرتا کیونکہ وہ اُس کا کیریئر ہے۔‘
رِشی کپور نے مزید کہا تھا کہ ’مجے پتہ ہے میں نے رنبیر کے ساتھ اپنا رشتہ خود بگاڑا اور یہ بات مجھے میری اہلیہ اکثر باور کرواتی رہتی تھیں۔ اب دیر ہوچکی ہے کیونکہ ہم دونوں ہی اب تبدیل نہیں ہوسکتے۔‘
خیال رہے رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ یکم دسمبر سے سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ اس فلم میں اُن کے ساتھ بوبی دیول اور رشمیکا مندانا بھی ایکشن میں نظر آئیں گی۔
فلم کی ریلیز سے قبل ہی اس کے ٹکٹ فروخت ہونا شروع ہوگئے ہیں اور اب تک یہ فلم 9 کروڑ سے زائد انڈین روپے کا بزنس کر چکی ہے۔