Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ ایکسپو 2030 : میزبانی ملنے پر سعودی حکام و مندوبین کا ردعمل

ورلڈ ایکسپو اکتوبر2030 سے مارچ 2031 تک ریاض شہر میں منعقد کیا جائے گا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے لیے ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی کرنے کی خبر کے بعد منگل کی شام سے ریاض میں ہر طرف جشن کا سماں ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پیرس میں بیورو انٹرنیشنل ڈیس ایکسپوزیشنز کے رکن ممالک کے 165 ووٹوں میں سے 119 ووٹ حاصل کرتے ہوئے ریاض نے واضح فرق سے کامیابی حاصل کی ہے۔
ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے ریاض کے حق میں ووٹوں کی اکثریت دو تہائی سے زیادہ تھی،جس کے بعد ووٹنگ کا دوسرا مرحلہ غیر ضروری قرار دیا گیا۔
سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور و موسمیاتی ایلچی عادل الجبیر نے اس موقع پر بتایا ہے کہ وہ اس نتیجے سے’خوش اور مطمئن‘ ہیں۔
عادل الجبیر نے کہا کہ اب ہمارے پاس دنیا کو ریاض لانے اور دنیا کو ریاض دکھانے کا شاندار موقع ہے اور یہ ایسا ایونٹ ہو گا جو دنیا نے پہلے نہیں دیکھا ہو گا۔
بیورو انٹرنیشنل ڈیس ایکسپوزیشنز کے سیکرٹری جنرل دمتری کرکنزس  نے ووٹوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب جمع کرائے گئے ووٹوں میں سے دو تہائی سے زیادہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی برادری  نہ صرف ریاض جانے بلکہ اسے دنیا کے لیے کچھ خاص بنانے کے لیے مضبوط عزم رکھتی ہے جس پر ہم مل کر کام کریں گے۔

دنیا کو ریاض لانے اور دنیا کو ریاض دکھانے کا شاندار موقع ہے۔ فائل فوٹو عرب نیوز

ریاض ریجن کے میئر شہزادہ فیصل بن عبدالعزیز بن عیاف کا کہنا ہے کہ ہمیں بہت فخر ہے اور ہم سب کے لیے یہ ایک تاریخی دن ہے۔
میئر نے کہا کہ اس کامیابی پر بہت خوش ہیں اور ریاض میں دنیا کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں۔
ریاض 2030 بِڈ بک کے ڈائریکٹر غدیر الحسن نے بتایا ہے کہ سرمایہ کاری اور پروکیورمنٹ سمیت متعدد منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے اور اب رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔

ہمیں بہت فخر ہے اور ہم سب کے لیے یہ ایک تاریخی دن ہے۔ فوٹو عرب نیوز

ایکسپو 2030 کے لیے سعودی عرب کی میزبانی کو فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی حمایت حاصل رہی، انہوں نے گذشتہ سال مملکت کے لیے فرانس کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
ورلڈ ایکسپو کی میزبانی کی ووٹنگ سے قبل ایونٹ کی تائید کرتے ہوئے بین الاقوامی فٹ بال سٹار کرسٹیانو رونالڈو کی ایک ویڈیو دکھائی گئی۔
کرسٹیانو رونالڈو ریاض کے النصر فٹبال کلب سے کھیلنے کے لیے اپنے اہل خانہ سمیت ریاض میں رہائش پذیر ہیں۔

کامیابی پر خوش ہیں اور دنیا کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں۔ فائل فوٹو گیٹی امیج

بیورو انٹرنیشنل ایکسپوزیشنز اور یونیسکو کی مندوب شہزادی ھیفہ المقرن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کو مبارک ہو، خطے کو مبارک ہو اور دنیا کو مبارک ہو۔
دنیا نے ریاض کا انتخاب کیا ہے، یہ ایک ایسا موقع ہو گا جس کا پائیدار نتیجہ نکلے گا اور ریاض کا یہی مقصد ہے، ایکسپو 2030 کی تیاری کا آئندہ مرحلہ منگل کی رات سے ہی شروع ہو گیاہے۔
اس موقع پر ریاض کی نامزد ایکسپو 2030 ٹیم نے عہد کیا ہے کہ یہ ایونٹ اب تک سب سے زیادہ قابل رسائی اور ماحول پر مثبت اثر ڈالنے والا خاص ایکسپو ہوگا۔
توقع ہے کہ ورلڈ ایکسپو اکتوبر2030 اور مارچ 2031 کے درمیان ریاض شہر میں منعقد کیا جائے گا۔
 

شیئر: