Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ ایکسپو2030 کی میزبانی کا اعزاز مملکت کے قائدانہ کردار کا ثبوت: سعودی ولی عہد

ولی عہد نے شاہ سلمان کو ورلڈ ایکسپو کی میزبانی ملنے پر مبارکباد دی۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ورلڈ ایکسپو 2030  کی ریاض میں میزبانی ملنے پر مبارک باد دی ہے۔ 
 خبررساں ادارے ایس پی اے  کے مطابق ولی عہد نے کہا  کہ ’سعودی عرب کو ورلڈ ایکسپو 2030 کی ریاض میں میزبانی کا اعزاز مملکت کے قائدانہ و کلیدی کردار اور بین الاقوامی اعتبار کا پختہ ثبوت ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس کامیابی سے سعودی عرب نمایاں ترین بین الاقوامی پروگراموں کی میزبانی کا آئیڈیل فرنٹ بن جائے گا، ایکسپو ان میں سے ایک ہے۔‘ 
شہزادہ محمد بن سلمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ’سعودی عرب ایکسپو 2030 کا فقید المثال اور غیرمعمولی ایڈیشن پیش کرے گا۔ تاریخ میں یہ اپنی نظیر آپ ہو گا۔‘
سعودی ولی عہد نے کہا ’ورلڈ ایکسپو کا انعقاد جدت طرازی کے ساتھ کیا جائے گا۔ یہ بنی نوع انساں کے لیے روشن مستقبل کے مثبت اور موثر کردار کی ادائیگی میں معاون بنے گا۔ جدید ٹیکنالوجی اور روشن ترین ذہنوں کے ذریعے بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔‘ 
انہوں نے مزید کہا کہ ’ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی ایسے وقت میں ہوگی جب سعودی وژن 2030 کی سکیمیں اور اہداف نقطہ عروج کو پہنچ رہے ہوں گے۔‘
’ورلڈ ایکسپو ہمارے لیے شاندار موقع مہیا ہوگا جس کے ذریعے ہم مملکت میں بے نظیر تبدیلی کے سفر سے ملنے والے اسباق پوری دنیا کے ساتھ شیئر کریں گے۔‘ 
شہزادہ  محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ’ریاض ایکسپو 2030 میں پوری دنیا کے ساتھ ملاپ کے لیے تیار ہے۔ ایکسپو کے کلیدی ہدف کے حصول کے لیے شریک ممالک کے حوالےسے عہد و پیمان پورے کرنے کے لیے مستعد ہیں۔‘
ایکسپو کا کلیدی موضوع ’تبدیلی کا دور... مل کر مستقبل دریافت کریں گے‘ ہیں۔ اس کے ذیلی موضوعات ’بہتر کل، ماحولیاتی جدوجہد، سب کے لیے خوشحالی اور جملہ وسائل وقف‘ ہیں۔ 
یاد رہے کہ پیرس میں قائم بیورو انٹرنیشنل ایکسپوزیشن ڈیس کی جنرل اسمبلی نے حتمی ووٹنگ کے بعد نتائج کا اعلان کیا ہے۔
ریاض کو رکن ممالک نے 165 میں سے 119 ووٹوں کی اکثریت سے منتخب کیا گیا ہے۔ اکتوبر 2030 سے مارچ 2031 تک سعودی عرب ورلڈ ایکسپو کا میزبان ہوگا۔

شیئر: