Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی دارالحکومت ریاض ایکسپو 2030 کی میزبانی کرے گا

سعودی دارالحکومت ریاض ایکسپو 2030 کی میزبانی کرے گا۔ پیرس میں قائم بیورو انٹرنیشنل ایکسپوزیشن ڈیس کی جنرل اسمبلی  نے حتمی ووٹنگ کے بعد تنائج کا اعلان کر دیا۔
ریاض کو رکن ممالک نے 165 میں سے 119 ووٹوں کی اکثریت سے منتخب کیا ہے۔ خفیہ رائے شماری الیکڑانک ووٹنگ کے ذریعے کی گئی۔
خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اور عرب نیوز کے مطابق ریاض کے ساتھ اٹلی کے دارالحکومت روم اور کوریا کے شہر بوسان کے نام بھی امیدواروں میں شامل تھے۔
سعودی عرب نے اس باوقار ایونٹ کے لیے جنوبی کوریا اور اٹلی کے چیلنجوں کو شکست دینے کے بعد میزبانی کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
ووٹنگ سے قبل مبصرین نے خیال ظاہر کیا تھا کہ ’ریاض ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے سب سے زیادہ مضبوط امیدوار اس لیے بھی ہے کہ میزبانی کی شرائط میں یہ بات شامل ہے کہ وہ ملک میزبانی کا زیادہ حق رکھتا ہے جس نے گذشتہ 15 برسوں میں میزبانی نہ کی ہو۔ اٹلی میں 2015 میں ایکسپو ہو چکا ہے جبکہ 2012 میں جنوبی کوریا اس کا میزبان رہا ہے۔‘
 سعودی عرب نے ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے سات ارب 20 کروڑ ڈالر کا بجٹ مختص کر رکھا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بیورو انٹرنیشنل ایکسپوزیشن ڈیس کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ ’سعودی عرب ایکسپو 2030  کی میزبانی کے لیے سکیموں کی پابندی کرے گا۔ ان سکیموں کو مختلف ملکوں اور اداروں کے تعاون اور شراکت سے روشن حقیقت میں تبدیل کیا جائے گا۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب ایکسپو 2030 کا منفرد ایڈیشن پیش کرے گا۔ پائیدار ترقی کے اہداف پر توجہ مرکوز رکھے گا۔ ایکسپو 2030 کی میزبانی کے حوالے سے سعودی عرب نے 130 ملکوں کا اعتماد حاصل کیا ہے۔‘ 
یاد رہے کہ بیورو انٹرنیشنل ایکسپوزیشن ڈیس کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شہزادہ فیصل بن فرحان نے سعودی وفد کی قیادت کی۔
ایکسپو 2030 کے حوالے سے سعودی ٹیم کی ممبر غیدا الشبل نے کہا کہ ’ہم ایکسپو میں عالمی مفاد کے لیے ترجیحات کی پابندی کریں گے۔ عالمی برادری کی مدد کے لیے ایسی جگہ بنائیں گے جہاں سب جمع ہوں۔‘
انہوں کہا کہ ’فروری 2028  میں ایک قریے کا افتتاح ہو گا۔ اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ قوانین، ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر مطلوبہ سہولتوں کے تقاضے پورے ہورہے ہیں یا نہیں۔‘
واضح رہے کہ ریاض بین الاقوامی شہر ہے جو 70 لاکھ سے زیادہ نفوس پر مشتمل ہے۔ اس کی 48 فیصد آبادی 130 سے زیادہ ممالک کے شہریوں پر مشتمل ہے۔ 
 سعودی عرب نے باضابطہ طورپر گزشتہ سال اکتوبر میں ورلڈ ایکسپو کی میزبانی کےلیے درخواست جمع کرائی تھی۔

شیئر: