سعودی خاتون شیف جس نے مقامی پکوانوں کو ’نیا رنگ اور ذائقہ‘ دیا
سات سعودی پکوان مختلف ملکوں کے کھانوں کے انداز میں متعارف کرائے گئے ہیں ( فوٹو: سبق)
سعودی پکوان متعارف کرانے والے ’الولیمہ‘ فیسٹیول میں شریک خاتون شیف نورہ العسیری نے غیرملکی پکوان سعودی رنگ و انداز کے ساتھ متعارف کرائے ہیں۔
سبق ویب کے مطابق نورہ العسیری کا کہنا ہے کہ ’وہ سعودی عرب کے روایتی کھانے متعارف کرانے کی کوشش کر رہی ہیں۔‘
’خواہش ہے کہ دنیا بھر کے ملکوں اور قوموں میں سعودی پکوان رائج ہوں انہیں پتہ چلے کہ ہمارے آباؤ اجداد کس قسم کے کھانے اور کیوں استعمال کرتے رہے۔‘
سعودی خاتون شیف نے بتایا کہ ’انہوں نے سات سعودی پکوان مختلف ملکوں کے کھانوں کے انداز میں متعارف کرائے جنہیں پذیرائی ملی۔‘
نورہ العسیری کا کہنا ہے کہ ’انہوں نے گوشت کی مقامی ڈش اطالوی انداز میں پیش کی جبکہ سلیق نامی سعودی پکوان میں زعفران استعمال کرکے اسے نیا رنگ اور ذائقہ دینے کی کوشش کی۔‘
علاوہ ازیں سعودی پکوان اتھارٹی نے الولیمہ فیسٹیول میں توسیع کر دی ہے۔ اب یہ فیسٹیول 9 دسمبر تک روزانہ شام چار بجے سے رات بارہ بجے تک کنگ سعود یونیورسٹی ریاض کے کیمپس میں جاری رہے گا۔
الولیمہ فیسٹیول مشرق وسطی میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا فیسٹیول ہے جہاں مختلف ذوق اور پسند رکھنے والوں کے لیے 13 زون قائم کیے گئے ہیں۔ اس مرتبہ یونان مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہے۔