Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کرکٹ بورڈ نے افغان کرکٹ کی ترقی میں بڑا کردار ادا کیا: سابق افغان کپتان

ریٹائرمنٹ سے قبل اصغر افغان چھ ٹیسٹ، 114 ون ڈے اور 75 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں افغانستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ (فائل فوٹو)
افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اصغر افغان کا کہنا ہے کہ انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے افغان کرکٹ کی ترقی میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اصغر افغان نے انڈین کرکٹ بورڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے ہمیں بہت سپورٹ کیا۔ 2014 سے لے کر اب تک انہوں نے بہت مدد کی اور ہمیں ہوم گراؤنڈ بھی مہیا کیا۔‘
اصغر افغان کا مزید کہنا تھا کہ ’افغانستان (کے لوگ) کرکٹ اور کرکٹرز سے محبت کرتے ہیں۔ میں انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈز سے بھی درخواست کروں گا کہ وہ آگے بڑھیں اور افغانستان کی کرکٹ کو سپورٹ کریں۔‘
سابق افغان کپتان نے اپنے انٹرویو میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’مجیب آئی پی ایل (کھیلنے) کے بعد ایک بدلے ہوئے بولر کے طور پر سامنے آئے۔ انہوں نے انڈر 19 کرکٹ کھیلی اور پھر وہاں سے انہیں سینیئر ٹیم کے لیے سلیکٹ کیا گیا۔‘
انہوں نے انڈین کرکٹ لیگ کے حوالے سے مزید کہا کہ ’آئی پی ایل نے راشد خان اور مجیب کے کیریئر میں بڑا کردار ادا کیا۔‘
اصغر افغان نے سابق انڈین کپتان ایم ایس دھونی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میری ایک میچ کے بعد ایم ایس دھونی سے بات ہوئی۔ وہ انڈین کرکٹ کے لیے خدا کا تحفہ ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے (افغان وکٹ کیپر) محمد شہزاد کے حوالے سے بات کی۔ میں نے دھونی کو بتایا کہ وہ آپ کے بہت بڑے پرستار ہیں۔ دھونی نے کہا کہ شہزاد کا پیٹ بہت بڑا ہے، اگر وہ 20 کلوگرام وزن کم کرلیں تو میں انہیں آئی پی ایل کے لیے سلیکٹ کرلوں گا۔‘
خیال رہے ریٹائرمنٹ سے قبل اصغر افغان چھ ٹیسٹ، 114 ون ڈے اور 75 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں افغانستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

شیئر: