Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طورخم بارڈر پر ’خوش آمدید‘ کا سائن بورڈ کیوں لگایا؟ افغان حکام نے سرحد بند کر دی

گذشتہ ماہ نومبر میں بھی افغان فورسز کی جانب سے بارڈر کو بند کیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم گزرگاہ طورخم بارڈر کو بدھ کو افغان فورسز نے بند کر دیا تھا جسے بعد میں کھول دیا گیا۔  
بارڈر حکام کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں واقع طورخم بارڈر کے قریب زیرو پوائنٹ پر ’خوش آمدید پاکستان‘ کا بورڈ نصب کیا جا رہا تھا جس پر افغان فورسز نے تنازع کھڑا کر دیا اور احتجاجاً بارڈر گیٹ بند کر دیا۔ 
بارڈر کی بندش کے باعث پیدل آمد و رفت متاثر ہونے کے علاوہ دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی جبکہ بارڈر پر کشیدگی کے خدشے کے باعث ٹرانزٹ ٹریڈ بھی معطل ہو گیا۔
سپرنٹنڈنٹ کسٹم محمد اکبر نے اردو نیوز کو بتایا کہ گزشتہ روز 5 دسمبر کی شام سے طورخم بارڈر بند ہے جس سے دونوں جانب گاڑیوں کی آمد و رفت بھی معطل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پیدل چلنے والے مسافروں کے لیے گیٹ کھلا ہوا ہے۔
 بارڈر اہلکار کا کہنا تھا کہ سرحد کھولنے سے متعلق پاکستانی سکیورٹی حکام اور افغان فورسز کی بات چیت جاری ہے تاکہ جلد سے جلد بارڈر کو کھولا جا سکے۔ بعد ازاں سرحدی حکام کے مذاکرات کے بعد بارڈر کو آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا۔
دوسری جانب سرحد چیمبر آف کامرس نے بارڈر کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ آئے روز بارڈر کو بند کرنے سے دونوں طرف تجارت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے افغان ڈرائیورز کے لیے پاسپورٹ اور ویزا کی شرط لازمی قرار دینے کے بعد 20 نومبر کو افغان فورسز نے تین دن کے لیے بارڈر بند کر دیا تھا۔

شیئر: