Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل سے بچنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہے، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ نفرت کی پرانی سیاست کو دفنا دے کر خدمت کی سیاست کا آغاز کریں گے۔ فوٹو: ٹوئٹر پی پی پی
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے انتخابات لڑ رہے ہیں لیکن دیگر جماعتوں میں سے کوئی اس لیے الیکشن لڑ رہا ہے کہ جیل سے نکل جائے اور کوئی جیل سے بچ جائے۔
اتوار کو کوہاٹ میں پارٹی وکررز کنونشن سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نفرت، تقسیم اور ذاتی دشمنی کی پرانی سیاست کو دفنا کر خدمت کی نئی سیاست کا آغاز کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ باقی جماعتیں اپنے ذاتی مسائل کے حل کے لیے الیکشن لڑ رہی ہیں۔
’میں اگر یہ الیکشن لڑ رہا ہوں تو آپ کے مسائل کا حل نکالنے کے لیے لڑ رہا ہوں۔ کوئی اگر الیکشن لڑ رہا ہے تو وہ اس لیے کہ جیل سے نکل جائے اور دوسرا اس لیے کہ جیل سے بچ جائے۔‘
بلاول بھٹو نے کہا ’پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ ہمارا کوئی سیاسی مخالف نہیں ہے، نہ کوئی کھلاڑی ہمارا مقابلہ کر سکتا ہے اور نہ کوئی اور ہمارا مقابلہ کر سکتا ہے۔‘
’ہمارا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں ہمارا مقابلہ بے روزگاری، غربت اور مہنگائی سے۔ ہم تین نسلوں سے یہ جدو جہد لڑتے آ رہے ہیں۔‘
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو اشرافیہ کی نہیں عوام کی نمائندگی کرتی ہے، جو بچے بوڑھوں نوجوانوں کی نمائندگی کرتی ہے، جو تمام طبقات کی جماعت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عوامی سیاست کی ہے، ہر دور میں پسماندہ عوام کی نمائندگی کی ہے، ہمیشہ غربت کا مقابلہ کیا ہے اور کمزور طبقے کی نمائندگی کی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش معاشی، سیاسی اور جمہوری بحرانوں کا حل پیپلز پارٹی کے منشور میں موجود ہے۔
بلاول بھٹو نے سنیچر کو تیمر گرہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ایک جماعت الیکشن جیت کر انتقام لینا چاہتی ہے۔ عمران خان نے بھی ذاتیات پر اتر کر موقع ضائع کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’انا اور نفرت کی سیاست پرانی سیاست ہے، اسے دفن کر دینا چاہیے۔‘

شیئر: