Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کو 7 سال بعد بھی رینگ رینگ کر انصاف مل رہا ہے: مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ ’نواز شریف کو سزا دینے کے لیے قانون کا نہیں بلکہ بلیک لا ڈکشنری کا سہارا لیا گیا‘ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سات سال بعد بھی نواز شریف کو رینگ رینگ کر انصاف مل رہا ہے۔
سنیچر کو پنجاب کے شہر گجرات کی تحصیل جلال پور جٹاں میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ ’جب نواز شریف 21 اکتوبر کو جلسے میں آئے تو میں نے سوچا کہ یہ وہ شخص ہے جس کو اس کے دشمنوں، اس کے مخالفین نے کہا تھا کہ اس کی سیاست اب ختم ہو گئی ہے۔ کہا تھا کہ نواز شریف تاریخ کا حصہ بن گیا ہے اور کہا تھا کہ نواز شریف اب کبھی واپس نہیں آئے گا، تو اس دن اس کے خلاف سازش کرنے والا گروہ ٹی وی سکرینوں پر بیٹھ کر دیکھ رہا ہوگا کہ نواز شریف کو اللہ کس عزت اور شان سے اپنے وطن واپس لے کر آیا۔‘
مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر نے ورکرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نواز شریف کا استقبال کرنے اس لیے آئے تھے کہ آپ نے اس ملک اور اپنا مستقبل نواز شریف سے جوڑ دیا ہے۔
مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ ’نواز شریف آج بھی وہ واحد رہنما ہیں جو جھوٹے مقدمات کی وجہ سے عدالتوں کے چکر پر چکر کاٹ رہے ہیں۔ جھوٹے مقدمات کو ختم کرتے سات برس ہو گئے ہیں۔ سنہ 2017 میں پاکستان میں پانامہ جیسا مذاق ہوا تھا، پانامہ جیسا جھوٹ گھڑ کر لایا گیا، جس پر نواز شریف پر الزام لگایا گیا کہ تم نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی چلو نکلو باہر جاؤ اپنے گھر کو۔ جیل میں ڈال دیا تو میں سوچتی ہوں کہ اس ملک کے عدالتی نظام میں ناانصافی کرنا کتنا آسان ہے اور اس ناانصافی کو ختم کرنا کتنا مشکل کام ہے۔
’نواز شریف کو سزا دینے کے لیے قانون کا سہارا نہیں لیا بلکہ بلیک لا ڈکشنری کا سہارا لیا۔ ڈکشنری بلیک نہیں تھی ان کی نیتیں سیاہ تھی جو نواز شریف کو سزا دینا چاہتے تھے۔ نواز شریف کو سات سال بعد بھی انصاف مکمل نہیں ملا اور جو انہیں رینگ رینگ کر انصاف مل رہا ہے اس پر بھی جو کہتے ہیں کہ انہیں فیور مل رہا ہے انہں شرم آنی چاہیے۔‘

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف آج بھی جھوٹے مقدمات کی وجہ سے عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کا نام لیے بغیر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’اور وہ جو جیل میں بیٹھ کر اپنے اعمال کی سزا بھگت رہا ہے میں اس کا نام بھی نہیں لینا چاہتی۔ وہ قدرت کی پکڑ میں آیا ہے اللہ کی پکڑ میں آیا ہے۔‘
’وہ جو آج اڈیالہ جیل میں بیٹھ کر اپنا مقدمہ بھگت رہا ہے وہ نواز شریف کو چور کہا کرتا تھا۔ سیاسی تقریروں میں نواز شریف پر چوری کا الزام لگاتا تھا لیکن وہ چوری کا الزام عدالت میں کبھی نہیں لے کر گیا کیونکہ اس کو پتہ تھا کہ وہ جھوٹ بول رہا ہے۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’اس شخص سے انتقام نواز شریف نے نہیں لیا، اس شخص سے انتقام اس کے اپنے اعمال نے لیا ہے جس کا وہ آج وہاں (جیل میں) بیٹھ کر حساب دے رہا ہے۔‘

شیئر: