سینیٹ کمیٹی میں حج کی فضائی ٹکٹیں مہنگی کرنے پر بحث
کمیٹی ارکان لے مطابق حکومتِ پاکستان اگر سبسڈی نہیں دیتی تو فضائی ٹکٹ مارکیٹ ریٹ پر دے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے حج کے موقع پر مہنگی فضائی ٹکٹوں کے معاملے کا جائزہ لیا ہے۔
پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری کے زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس کے دوران حج کے لیے فضائی ٹکٹیں مہنگے داموں ملنے کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر مذہبی امور انیق احمد، سینیٹر پروفیسر ساجد میر، سینیٹر حاجی ہداہت اللہ خان، سینیٹر پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، سینیٹر انور لعل دین، سینیٹر گوردیپ سنگھ اور دیگر اراکین و حکومتی عہدیداروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالغفور حیدری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے اپنی من مانی کرتی رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پڑوسی انڈیا، ایران اور دوسرے ممالک اپنے شہریوں کو حج کے موقع پر سبسڈی دیتے ہیں۔ پاکستان کی حکومت اگر سبسڈی نہیں دیتی تو فضائی ٹکٹ مارکیٹ ریٹ پر دیے جائیں۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ عام حالات میں ٹکٹ سستے ہوتے ہیں جبکہ حج کے موقع پر مہنگے کر دیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کمیٹی اراکین کو بتایا کہ قائمہ کمیٹی نگران وزیراعظم سے حج کے سفر کے بارے میں ایئر لائنز کے معاملات کے حوالے سے جلد ملاقات کرے گی۔
اجلاس کے دوران وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج پالیسی پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر مولانا عبدالغفورحیدری نے حج کمپنیوں کو بتدریج کم کرنے کی کمیٹی کی کوششوں اور وزارت کی دلچسپی کو سراہا۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران فلسطینیوں کے حق میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی۔
دوسری جانب وزارت مذہبی امور نے حج درخواستوں کی کمی کے باعث آخری تاریخ 22 دسمبر تک بڑھا دی ہے۔
نگران وفاقی وزیر مذہبی امور نے کمیٹی کو بتایا کہ حج درخواستیں کم موصول ہونے کی وجہ سے ان کی وصولی کی تاریخ میں دس روز کا اضافہ کر رہے ہیں۔