لکھنؤ۔۔۔۔سماج وادی پارٹی کے رہنما شیو پال یادو نے کہا ہے کہ ان کی نئی جماعت سماج وادی سیکولر فرنٹ میں امر سنگھ کو شامل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔یہاں ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں نے پچھلے سال بھی پارٹی میں ان کی شمولیت کی مخالفت کی تھی۔انہیں دوبارہ پارٹی میں شامل کرنے کے حق میں نہیں۔ مجھے معلوم ہے کہ انہیں پارٹی میں احترام نہیں ملے گا اس لئے گریز ہی کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں امر سنگھ کو ’’باہرکا آدمی‘‘قراردیا تھا۔شیوپال نے کہا کہ میں خاندان میں اتحاد کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہوں۔بشرطیکہ اکھلیش اور دیگر لوگ نیتا جی ’’ملائم سنگھ‘‘ کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں ۔ میں چاہتا ہوں کہ نیتا جی کو عز ت اور احترام دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خاندان متحد ہوجائے تو پھر سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ تنازع کی کوئی وجہ نہیں۔سماج وادی سیکولر فرنٹ کے فیصلے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پارٹی دوبارہ پٹری پر آجائے گی۔