آرامکو نے پاکستان کی گیس اینڈ آئل کمپنی کے 40 فیصد حصص خرید لیے
’جی او کے حصص خریدنے پر آرامکو نے پاکستان میں ریٹیل ایندھن کی مارکیٹ میں پہلا قدم رکھا ہے‘
سعودی عرب کی قومی آئل کمپنی آرامکو نے کہا ہے کہ اس نے پاکستان کی گیس اینڈ آئل کمپنی ’جی او‘ کے 40 فیصد حصص خرید لیے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ’گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ‘ کے حصص خریدنے پر آرامکو نے پاکستان میں ریٹیل ایندھن کی مارکیٹ میں پہلا قدم رکھا ہے۔
آرامکو کی طرف سے جی او کے حصص خریدنے سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان پٹرول اور کیمیکل کے شعبے میں تعاون میں اضافہ ہوگا۔
مذکورہ ڈیل سے آرامکو کو اپنی مصنوعات کے لیے نئی مارکیٹ ملے گی جس کے ذریعہ وہ والولین نامی برانڈ کے تیل متعارف کرائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آرامکو نے امریکی تیل کمپنی والولین برانڈ کو خرید لیا تھا۔
اس موقع پر آرامکو میں ریفائنری اور کیمیکل شعبے کے سربراہ محمد بن یحی القحطانی نے کہا ہے کہ ’جی او کے حصص خریدنے پر آرامکو نے ریٹیل مارکیٹ میں دوسرا بڑا اقدام کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’جی او کے توسط سے آرامکو پاکستان کی ریٹیل مارکیٹ تک رسائی حاصل کرے گی جہاں اسے اپنا برانڈ متعارف کرانے کا موقعہ ملے گا۔‘