Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جان بوجھ کر باہر رکھا گیا‘، احمد شہزاد نے پی ایس ایل کا بائیکاٹ کر دیا

احمد شہزاد نے کہا کہ ’میں کبھی ان چھ ٹیموں کا حصہ بن کر پی ایس ایل نہیں کھیلوں گا۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی بیٹر احمد شہزاد نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہ فیصلہ اپنی ’عزتِ نفس‘ کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے کر رہے ہیں۔
جمعے کو سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ ’میں اپنی عزتِ نفس کے لیے پی ایس ایل سے راہیں جدا کر رہا ہوں اور اسے خدا حافظ کہہ رہا ہوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں کبھی پیسوں کے لیے نہیں کھیلا اور نہ کبھی کھیلوں گا۔‘
خیال رہے دو دن قبل پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ میں کسی بھی ٹیم نے احمد شہزاد میں دلچپسی نہیں لی تھی اور وہ میگا لیگ میں کسی بھی فرنچائز کا حصہ نہیں ہوں گے۔‘
اپنے بیان میں پاکستانی اوپنر نے مزید کہا کہ ’جہاں کئی سارے کھلاڑیوں نے بین الاقوامی لیگز کو فوقیت دی وہیں میں نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے  کا فیصلہ کیا تاکہ میں اس کھیل سے اپنی محبت ثابت کر سکوں اور سبز پرچم دوبارہ زیبِ تن کر سکوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں کبھی ان چھ ٹیموں کا حصہ بن کر پی ایس ایل نہیں کھیلوں گا۔‘
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ جان بوجھ کر مجھے (پی ایس ایل سے) باہر رکھنے کی کوشش کی گئی وہ بھی اس وقت جب فرنچائزز نے ایسے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جن کی کارکردگی میرے برابر نہیں تھی۔‘
احمد شہزاد نے مزید لکھا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ میرے پی ایس ایل کا حصہ نہ ہونے کی وجہ کیا ہے، جلد ہی پورا ملک اور میرے پرستار یہ وجہ جان جائیں گے۔‘

شیئر: