برطانوی جنگی جہاز نے بحیرہ احمر میں حملہ آور ڈرون مار گرایا
برطانوی جنگی جہاز نے بحیرہ احمر میں حملہ آور ڈرون مار گرایا
ہفتہ 16 دسمبر 2023 20:14
حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں جہازوں پر حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ فائل فوٹو اے پی
برطانوی رائل نیوی کے جنگی جہاز نے بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے والے مشتبہ حملہ آور ڈرون کو مار گرایا ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق برطانوی وزیر دفاع گرانٹ شیپس نے سنیچر کو بتایا کہ ایچ ایم ایس ڈائمنڈ نے سی وائپر میزائل فائر کیا اور ایک ڈرون کو تباہ کر دیا جو مرچنٹ شپنگ کو نشانہ بنا رہا تھا۔
وزیردفاع نے گذشتہ رات کی جانے والے کارروائی کے بارے میں بتایا کہ 1991 کی خلیجی جنگ کے بعد پہلی بار رائل نیوی نے جارحانہ انداز میں کسی فضائی ہدف کو مار گرایا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے عالمی تجارتی بحری جہازوں پر حملہ بین الاقوامی تجارت اور سمندری سلامتی کے لیے براہ راست خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔
گرانٹ شیپس نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ عالمی تجارت میں آزادانہ نقل و حمل کے تحفظ کے لیے ایسے حملوں کو ناکام بنانے کے لیے برطانیہ پرعزم ہے۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ میں عالمی جہاز رانی ایک ہدف بن گئی ہے۔
حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں جہازوں پر حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور ساتھ ہی اسرائیل کو نشانہ بنانے والے ڈرون اور میزائل بھی داغے جا رہے ہیں۔
امریکی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ماہ کے شروع میں بحیرہ احمر میں تین تجارتی بحری جہازوں پر حوثیوں کے زیر کنٹرول یمن سے داغے گئے بیلسٹک میزائلوں کا حملہ ہوا جب کہ امریکی جنگی جہاز نے حملے کے دوران تین ڈرون مار گرائے۔
بحیرہ احمر میں آبنائے باب المندب سے گزرنے والے لائبیریا کے جھنڈے والے کارگو جہاز پر میزائل حملے کے بعد جمعے کو دنیا کی سب سے بڑی شپنگ کمپنی ’مارسک‘ نے اپنے تمام بحری جہازوں کو تاحکم ثانی علاقے میں سفر سے منع کیا ہے۔
واضح رہے کہ بحیرہ احمر میں کشیدگی کے پیش نظر دو ہفتے قبل برطانوی بحریہ کے جنگی جہاز ایچ ایم ایس ڈائمنڈ کو امریکہ، فرانس اور دیگر ممالک کے جہازوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر علاقے میں بھیجا گیا تھا۔