Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حوثی باغیوں کے حملوں میں اضافہ

حوثیوں نے فوری طور پر بحری جہاز پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ فوٹو عرب نیوز
ایک امریکی فوجی عہدیدار نے بتایا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کے زیر قبضہ علاقے سے داغے گئے دو میزائل آبنائے باب المندب کے قریب  تجارتی آئل ٹینکر سے ٹکرائے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق بحیرہ احمر میں امریکی جنگی جہاز نے اپنی سمت پرواز کرنے والے مشتبہ حوثی ڈرون کو بھی مار گرایا ہے۔
امریکی فوجی نے انٹیلی جنس کے حوالے سے بات کرنے کے لیے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ داغے گئے میزائلوں سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے تجزیہ کردہ سیٹلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا سے ظاہر ہوا ہے کہ مارشل جزائر کے جھنڈے تلے کام کرنے والا ’آرڈمور انکاؤنٹر‘ آئل اینڈ کیمیکل ٹینکر بحیرہ احمر کے شمال میں نہر سویز کی جانب سفر کر رہا تھا۔
یہ بحری جہاز انڈیا سے آرہا تھا اور اس میں مسلح سکیورٹی عملہ موجود تھا۔ جہاز کے مینجر سے فوری طور پرردعمل نہیں لیا جا سکا۔

میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے  واقعے کی اطلاع آبنائے باب المندب سے دی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

یمن میں موجود حوثیوں نے فوری طور پر بحری جہاز پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
دریں اثناء برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی کمپنی ایمبرے کے ایک مشاورتی نوٹ میں بدھ کو بتایا گیا ہے کہ ایک سپیڈ بوٹ جس میں مسلح افراد سوار تھے، بحیرہ احمر میں یمن کی بندرگاہ حدیدہ کے ساحل سے گزرنے والے دو جہازوں کے قریب پہنچی۔
برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) ایجنسی نے مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا ہے کہ  اس واقعے کی اطلاع آبنائے باب المندب کے قریبی علاقے سے ملی ہے۔

شیئر: