سفر کے دوران ہونے والی قبض سے چھٹکارا کیسے ممکن ہے؟
اگر آپ کسی ٹِرپ پر ہیں تو واک اور معمول کی ورزش کو جاری رکھیں (فوٹو: فری پِک)
ٹریول کانسٹیپیشن یعنی سفر کے دوران ہونے والی قبض کوفت سے بھرپور عارضہ ہے جس کے باعث دوران سفر رفع حاجت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
سفر کے دوران قبض روٹین میں تبدیلی، پانی کی کمی، کھانے میں تبدیلی اور ذہنی دباؤ کے باعث ہوتی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ماہر غذائیت لوونیت بترا نے چند احتیاطی تدابیر بتائی ہیں جن پر عمل کر کے سفر کے دوران ہونے والی قبض سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔
آئیے جانتے ہیں وہ احتیاطی تدابیر کیا ہیں۔
پانی زیادہ پئیں
سفر کے دوران پانی کی کمی سے بچنے کے لیے خوب پانی پئیں۔ زیادہ پانی پینے کی وجہ سے قبض کے مسائل سے چھٹکارا ملتا ہے۔
ہائی فائبر والی غذا کھائیں
سفر کے دوران پھل، سبزیاں، دالیں اور اناج کا استعمال کریں کیونکہ ان میں ہائی فائبر کثرت سے موجود ہوتا ہے جس کی وجہ سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور رفع حاجت کے مسائل نہیں ہوتے۔
جسمانی سرگرمیاں کریں
سفر کے دوران جسم کو حرکت دینے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کریں۔ اگر آپ کسی ٹِرپ پر ہیں تو واک اور معمول کی ورزش کو جاری رکھیں۔ جسمانی سرگرمی سے قبض کے مسائل ٹھیک ہوتے ہیں۔
غذائیت والے ڈرائی فروٹ کھائیں
دورانِ سفر غذائیت سے بھرپور ڈرائی فروٹ کا استعمال کریں۔ آپ کسی بھی سفر پر جائیں تو اپنے ساتھ اخروٹ، بادام، خشک خوبانی سمیت دیگر ڈرائی فروٹ ضرور رکھیں۔ اس سے نہ صرف آپ کو قبض نہیں ہو گی بلکہ آپ ایئرپورٹ اور سپرسٹورز کی چیزیں خریدنے سے بھی بچ جائیں گے۔
پروبائیوٹکس لیں
سفر کے دوران پروبائیوٹکس زیادہ سے زیادہ لینے کی کوشش کریں۔ اس کے لیے آپ سپلیمںٹس یا قدرتی طور پر فرمینٹڈ کھانے بھی کھا سکتے ہیں جس کی مدد آپ کے ہاضمے کے مسائل ٹھیک ہوں گے اور جسم میں صحت مند بیکٹیریا بھی پیدا ہو گا۔