سردیوں کے موسم میں مولی کھانے کے کیا فوائد ہیں؟
اتوار 10 دسمبر 2023 18:50
مولی میں فولیٹ کثرت سے پایا جاتا ہے جو کے ذہنی صحت کے لیے نہایت فائدہ مند ہے (فوٹو: گیٹی امیجز)
سردیوں کے موسم میں مولی کھانے کے کئی فوائد ہیں۔ مولی میں کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں جس سے وزن تیزی سے کم ہو سکتا ہے اور اس سے ہاضمہ جلدی ہوتا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق مولی کو کئی طریقوں سے کھایا جا سکتا ہے جس میں مولی کے پراٹھے، سالن، سلاد اور سوپ وغیرہ شامل ہیں۔
آئیے جانتے ہیں سردیوں کے موسم میں مولی کھانے سے ہمارے جسم کو کیا فوائد پہنچتے ہیں۔
قوت مدافعت مضبوط ہوتی ہے
مولی میں وٹامن سی بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے۔ وٹامن سی سے بھرپور مولی کے کھانے سے سردیوں کے مہینوں میں قوت مدافعت مضبوط ہوتی ہے۔
ہاضمہ بہتر ہوتا ہے
مولی میں فائبر کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔ ہائی فائبر سے ہاضمہ درست رہتا ہے اور سردیوں کے موسم میں پیش آنے والے ہاضمے کے مسائل سے راحت ملتی ہے۔
دل کی صحت بہتر ہوتی ہے
مولی میں پوٹاشیئم جیسے اہم معدنیات موجود ہوتے ہیں جس کے باعث مولی کو کھانے سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
سردی کی بیماریوں سے راحت ملتی ہے
مولی میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس کے باعث آکسیڈیٹو سٹریس نہیں ہوتا اور اس کی وجہ سے جسم کو سردیوں کی بیماریوں جیسے زکام، بخار اور کھانسی سے راحت ملتی ہے۔
گرمی محسوس ہوتی ہے
مولی کی تاثیر گرم ہوتی ہے جس کے باعث سردیوں میں جسم کو گرمی محسوس ہوتی ہے اور اس کی وجہ سے سخت سردی میں بھی جسم کا درجہ حرارت ٹھیک رہتا ہے۔
ذہنی صحت ٹھیک رہتی ہے
مولی میں فولیٹ کثرت سے پایا جاتا ہے جو کے ذہنی صحت کے لیے نہایت فائدہ مند ہے اور اس کے باعث سردیوں میں ہونے والے ذہنی دباؤ اور ڈپریشن میں کمی آ سکتی ہے۔
وزن کم ہو سکتا ہے
مولی میں فیٹ اور کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں جس کے باعث اسے سلاد یا سنیک کے طور پر کھایا جا سکتا ہے اور وزن کم کیا جا سکتا ہے۔