Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن کمیشن کا احد چیمہ کو مشیر کے عہدے سے ہٹانے کا حکم

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو بھی نوٹس جاری کیا تھا (فوٹو: روئٹرز)
الیکشن کمیشن نے احد چیمہ کو وزیراعظم کے مشیر کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔
مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے نگراں وفاقی کابینہ کے دو ارکان فواد حسن فواد اور احد چیمہ کو ہٹانے کے لیے درخواست ایڈووکیٹ عزیزالدین کاکاخیل کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
 اس سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو بھی نوٹس جاری کیا تھا۔
درخواست میں فواد حسن فواد اور احد چیمہ پر جانبداری کا الزام لگایا گیا تھا۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ ’احد چیمہ اور فواد حسن فواد ماضی کی حکومت کا حصہ رہے ہیں، ان دونوں کی نگراں حکومت میں موجودگی کے باعث انتخابات کی شفافیت ممکن نہیں۔‘
درخواست میں الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی تھی کہ ’شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے ان دونوں شخصیات کو عہدوں سے ہٹایا جائے۔
نگراں وفاقی کابینہ میں مشیر کے عہدے پر فائز احد چیمہ کا تعلق پنجاب کے ضلع حافظ آباد سے ہے اور وہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز کے گریڈ 20 کے افسر رہے ہیں۔
 ڈی ایم جی گروپ سے تعلق رکھنے والے احد چیمہ کی سروس کے تین سال جیل میں گزرے۔ وہ سابق وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کی حکومت کے بہت اہم بیوروکریٹ سمجھے جاتے تھے۔
انہیں دو مرتبہ لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کا ڈی جی لگایا گیا۔ جب 2011 میں پاکستان کی پہلی میٹرو بس سروس بنانے کا آغاز ہوا تو اس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر بھی احد چیمہ ہی تھے۔

شیئر: