Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عام انتخابات کی تاریخ 8 فروری، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا

سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ الیکشن کمیشن جمعہ کی رات 12 بجے تک انتخابی شیڈول جاری کرے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
 الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
جمعے کی رات سپریم کورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے الیکشن کا شیڈول جاری کیا۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق ’ملک بھر میں انتخابات 8 فروری 2024 کو منعقد ہوں گے۔‘
امیدوار20  سے 22 دسمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ امیدواروں کے ناموں کی فہرست 23 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔
24 دسمبر سے 30 دسمبر 2023 تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہو گی۔
تین جنوری 2024 کو کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے پر اپیلیں دائر ہو سکیں گی جبکہ اپیلوں پر فیصلہ کرنے کی آخری تاریخ 10 جنوری ہو گی۔
امیدواروں کی حتمی فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق 12 جنوری 2024 کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہو گی۔
13 جنوری 2024 کو تمام امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ ہوں گے جبکہ پولنگ ڈے 8 فروری 2024 جمعرات کو ہو گا۔
واضح رہے کہ آج (جمعے ہی کو) سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کا ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران سے متعلق فیصلہ معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پیر کو آر اوز اور ڈی آر اوز کی تربیت کا دوبارہ آغاز کردیا جائے گا (فائل فوٹو: روئٹرز)

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور سینیئر ججز سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی ملاقات کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی تھی جس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔
جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس منصور علی شاہ بینچ میں شامل تھے۔ سماعت کی کارروائی براہ راست نشر کی گئی۔ 
عدالت نے فیصلے میں کہا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان جمعہ کی رات 12 بجے تک انتخابی شیڈول جاری کرے۔
بعدازاں سیکریٹری الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کو جمعہ کی رات ہی الیکشن شیڈول جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
الیکشن کمیشن نے یہ یقین دہانی بھی کرائی تھی کہ پیر کو ڈی آر اوز آر آوز کی تربیت کا دوبارہ آغاز کردیں گے۔

شیئر: