’کمپنی سے تنخواہ نہیں ملی‘ خاتون کی شکایت پر سعودی ادارے کی فوری کارروائی
کسی بھی شکایت کے ازالے کے لیے فوری طور پر تحقیقات کی جاتی ہے ( فوٹو :عکاظ)
سعودی انسداد بدعنوانی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ’ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے ازالے کے لیے فوری کارروائی کی جاتی ہے‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق سرکاری ادارے بلدیہ، بجلی و پانی کمپنی وغیرہ کی جانب سے سروسز میں تعطل یا کسی بھی خلاف ورزی کی شکایت کے لیے اتھارٹی کی جانب سے شکایات وصول کرنے کے لیے ٹول فری نمبر، ویب یا ذاتی طورپر دستی درخواست وصول کرنے کا بھی انتظام ہے۔
اتھارٹی کا کہنا تھا ’ کسی بھی شکایت کے ازالے کے لیے متعلقہ اہلکار فوری طور پر تحقیق کرتا ہے۔ اگر اسے شکایت کے لیے مزید معلومات درکار ہوتی ہیں تو وہ شکایت کنندہ سے رابطہ کرکے تفصیلات حاصل کی جاتی ہیں‘۔
اتھارٹی کا کہنا تھا کہ’ ایک سعودی خاتون نے شکایت درج کرائی کہ انہیں کمپنی کی جانب سے تنخواہ نہیں ملی۔ شکایت پر ادارے کے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کرکے اس بات کو یقینی بنایا کہ خاتون کا رکن کی تنخواہ بروقت ادا کرائی جائے‘۔
ایک سعودی شہری نے شکوہ کیا کہ اتھارٹی میں رپورٹ کی تھی کہ ایک فلاحی ادارے میں 10 لاکھ ریال کا مبینہ گھپلا ہوا ہے جس پر اتھارٹی نے فائل کو ’بند‘ کرکے شکایت کو محفوظ کردیا۔
اس حوالے سے اتھارٹی کا کہنا تھا ’ کسی بھی کیس کو محفوظ کرنے کا یہ مقصد نہیں کہ اس کے بارے میں مزید معلومات حاصل نہیں کی جاسکتی‘۔