بریدہ میں شجر کاری مہم، 10 لاکھ پودے لگائے گئے
قومی شجرکاری مہم کا ہدف 10 ارب پودے اوردرخت اگانا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں قومی مرکز برائے فروغ سبزہ زار کی جانب سے شجر کاری مہم جاری ہے۔
قصیم ریجن میں مرکز کی جانب سے نجی شعبے کے تعاون سے اگائے گئے پودوں اور درختوں کی دیکھ بھال کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق مرکز کی جانب سے بریدہ میں 28 ملین میٹر مربع رقبے پر نیشنل واٹر کمپنی کے تعاون سے 10 لاکھ پودے اگائے جاچکے ہیں۔
سرسبز سعودی عرب مہم کے تحت شروع کی جانے والی قومی شجرکاری مہم کا ہدف 10 ارب پودے اوردرخت اگانا ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔
شجر کاری مہم میں نجی شعبے کی شراکت بھی بنیادی اہمیت کی حامل ہے جس کی نگرانی قومی مرکز کے تعاون سے مملکت بھر میں کی جارہی ہے۔
شجرکاری مہم کا مقصد کاربن ڈائی اکسائیڈ کے اخراج کا خاتمہ اور ماحولیاتی نظام کو محفوظ رکھنا ہے تاکہ بہتر ماحول اورپائیدار فضا کوبرقرار رکھا جاسکے۔
قومی مرکز برائے فروغ شجر کاری کی جانب سے وزارت ماحولیات پانی اور زراعت کے تعاون سے مملکت میں 13 مقامات پر بیک وقت منصوبے کا آغاز کیا گیا جس میں نہ صرف مختلف حکومتی ادارے ، غیرمنافع بخش تنظیمیں اور رضاکار مرد وخواتین حصہ لے رہے ہیں۔