Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا امیتابھ بچن نے ’کون بنے گا کروڑپتی‘ کی میزبانی چھوڑ دی؟

’کے بی سی‘ شو انڈیا اور پاکستان میں بہت مقبول ہے اور امیتابھ بچن پہلے سیزن سے اس کی میزبانی کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کے میگا سٹار امیتابھ بچن انڈیا کے نامور کوئز شو ’کون بنے گا کروڑپتی‘ کو الوداع کہتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
حال ہی میں کون بنے کا کروڑپتی کے سیزن 15 کا ایک پرموشنل ویڈیو جاری کیا گیا ہے جس میں پروگرام کے اختتام پر میزبان امیتابھ بچن خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ 
اپنے پیغام میں امیتابھ نے کہا ’دیویو اور سجنوں اب ہم جا رہے ہیں، کل سے یہ منچ نہیں سجے گا۔ اپنوں سے یہ کہہ پانا کہ کل سے ہم نہیں آئیں گے، نہ کہنے کی ہمت ہوتی ہے اور نہ کہنے کا دل کرتا ہے۔ میں امیتابھ بچن اس دور کیلئے اس منچ سے آخری بار کہنے جا رہا ہوں شبھ راتری۔‘
سونی ٹیلی ویژن کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے شیئر کی گئی اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا تھا ’کے بی سی فینالے میں امِت جی اپنے دل کی بات بیان کر رہے ہیں۔ ہنسی، محبت اور یادوں سے بھرے اس انوکھے سفر کو یاد کیا جائے گا۔‘
مذکورہ ویڈیو پیغام نے امیتابھ بچن کے بہت سے مداحوں کو جذباتی کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ آیا مشہور اداکار موجودہ سیزن کو الوداع کہہ رہے ہیں یا شو ہمیشہ کیلئے چھوڑ چکے ہیں۔ اس حوالے سے امیتابھ بچن نے بھی ابھی تک کوئی آفیشل بیان جاری نہیں کیا۔
ایک مداح نے لکھا کہ جب تک ’بگ بی‘ سلامت ہیں کے بی سی کا اختتام نہیں ہوگا۔ امیتابھ کے بی سی 16 میں نئے جوش کیساتھ واپس آئیں گے۔

کچھ  مداح یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ امیتابھ بچن کے بعد ان کے بیٹے ابھی شیک بچن کے بی سی کی میزبانی کریں گے۔ 

جہاں امیتابھ کے شو چھوڑنے کی قیاس آرائیاں چل رہی ہیں وہیں کچھ مداح شاہ رخ خان کو بطور میزبان دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے بھی دکھائی دیے۔

گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ برطانوی پروگرام ’Who Wants To Be Millionaire‘ کی نقل کے طور پر انڈیا میں شروع کیا گیا تھا اور اس کا پہلا سیزن 2000 میں نشر ہوا تھا۔ یہ شو آغاز سے ہی انڈیا اور پاکستان میں بہت مقبول ہے اور امیتابھ بچن پہلے سیزن سے ہی اس کی میزبانی کرتے آرہے ہیں۔
 

شیئر: