Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیوڈ وارنر کی گرین کیپ گُم، شان مسعود کا ’جاسوسوں‘ کی مدد حاصل کرنے کا مشورہ

ڈیوڈ وارنر کی کیپ ’چوری‘ ہونے پر شان مسعود نے آسٹریلوی حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے (فوٹوز: اے ایف پی)
سڈنی ٹیسٹ میچ کے ساتھ اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا اختتام کرنے والے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کی آخری ٹیسٹ میچ سے قبل گرین کیپ ’چوری‘ ہو گئی ہے۔
وارنر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کہا کہ ان کا بیگ جس میں انہوں نے اپنی ٹیسٹ کیپ رکھی تھی وہ میلبورن سے سڈنی نہیں پہنچا۔
منگل کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں پریس کانفرنس کے دوران جب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کو اس صورتحال کے بارے میں بتایا گیا تو وہ بھی حیران رہ گئے اور انہوں نے آسٹریلوی حکومت سے وارنر کی کیپ تلاش کرنے کی اپیل کر دی۔
شان مسعود کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا ’آسٹریلوی حکومت کی طرف سے ابھی ملک گیر تلاش ہونی چاہیے۔ ہمیں کیپ واپس حاصل کرنے کے لیے بہترین جاسوسوں کی ضرورت ہو سکتی ہے۔‘
شان مسعود نے مزید کہا کہ ’وارنر ایک عظیم کھلاڑی ہیں، وہ اپنے ناقابل یقین کیریئر کے لیے عزت  کے مستحق ہیں۔ وارنر اوپنرز کے لیے ایک مثال ہیں، اور میں ذاتی طور پر انہیں بیٹنگ کرتے دیکھنا پسند کرتا ہوں لیکن امید ہے کہ سڈنی میں زیادہ دیر تک ایسا نہیں ہوگا۔‘
ڈیوڈ وارنر کی کیپ گم جانے پر فکر کا اظہار کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ ’ٹیسٹ کرکٹ ایک عظیم درجہ رکھتی ہے اور ٹیسٹ کیپس خاص ہوتی ہیں، آسٹریلوی پلیئرز اپنی ٹیسٹ کیپس کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور انہیں فخر سے پہنتے ہیں۔ یہ کسی بھی کرکٹر کے لیے سب سے قیمتی چیز ہے اور مجھے امید ہے کہ وارنر کی کیپ انہیں واپس مل جائے گی۔‘
اس سے قبل ڈیوڈ وارنر نے اپنی ویڈیو کے کیپشن میں اپیل کی تھی ’میرے بیگ میں میری بیٹیوں کے لیے تحائف اور میری ’بیگی گرین‘ ٹیسٹ کیپ موجود تھی۔ میرا بیگ میرے سامان سے نکال لیا گیا ہے اور وہ سڈنی ائیرپورٹ نہیں پہنچ سکا۔‘
وارنر نے مزید کہا کہ ’میری ٹیسٹ کیپ میرے لیے جذباتی حیثیت رکھتی ہے، یہ ایک ایسی چیز ہے جسے میں اپنے آخری ٹیسٹ کے بعد بطور یادگار ساتھ رکھنا پسند کروں گا۔ اگر آپ کو بیگ چاہیے تو میرے پاس ایک اضافی بیگ موجود ہے۔ آپ کو کچھ نہیں کہا جائے گا۔‘
وارنر نے ویڈیو میں اپیل کی کہ ’براہ کرم میرے سوشل میڈیا کے ذریعے مجھ سے یا کرکٹ آسٹریلیا سے رابطہ کریں۔ اگر آپ میری گرین کیپ واپس کرتے ہیں تو میں آپ کو اپنا بیگ دے سکتا ہوں۔‘

شیئر: