Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آخری ٹیسٹ میچ سے قبل ڈیوڈ وارنر کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ڈیوڈ وارنر نے 161 ون ڈے میچز میں چھ ہزار 932 رنز بنائے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے بائیں بازو کے جارحانہ بیٹر ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کے خلاف سڈنی میں اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے سے قبل ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈیوڈ وارنر نے پیر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا ’مجھے اب اپنے خاندان کو وقت دینا ہے اور اس لیے میں ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں۔‘
وارنر نے گذشتہ برس انڈیا میں ورلڈ کپ کی جیت کو اپنے کیریئر کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
آسٹریلیا کے اوپننگ بیٹر کا کہنا تھا کہ ’اس لیے میں آج ان فارمز سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کروں گا جس کی وجہ سے میں دنیا بھر میں کچھ اور (ٹی20) لیگز کھیل سکوں گا۔‘
تاہم 37 سالہ بیٹر کا کہنا تھا ’میں جانتا ہوں کہ چیمپیئنز ٹرافی آ رہی ہے۔ اگر میں نے ان دو برسوں میں اچھی کرکٹ کھیلی اور اگر انہیں ضرورت ہوئی تو میں دستیاب ہوں گا۔‘

ڈیوڈ وارنر نے انڈیا میں ورلڈ کپ کی جیت کو اپنے کیریئر کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

سنہ 2017 کے بعد سے ابھی تک چیمپیئنز ٹرافی نہیں کھیلی گئی لیکن 2025 میں پاکستان اس کی میزبانی کرے گا۔ رپورٹس کے مطابق روایتی طور پر 50 اوورز پر مشتمل اس ٹورنامنٹ کا فارمیٹ ٹی20 ہو گا۔
خیال رہے کہ رواں ہفتے ڈیوڈ وارنر پاکستان کے خلاف اپنا آخری اور 112 واں ٹیسٹ کھیلیں گے۔ انہوں نے 26 سینچریوں کی مدد سے 44.58 کی اوسط سے آٹھ ہزار 695 رنز بنائے ہیں۔ جبکہ ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے 161 میچز میں 45.30 کی اوسط سے چھ ہزار 932 رنز بنائے۔

شیئر: