جدہ .... ایگزیکٹیو کورٹ، سعودی اوجر کو ملازمین کے حقو ق ادا کرنے پر مجبور کریگی۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ اوجر کمپنی کو عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے درکار وقت دیدیا گیا۔ آئندہ مرحلے میں عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے کمپنی کو مجبور کیا جائیگا۔ اس حوالے سے فورس بھی استعمال کی جائیگی۔ عکاظ اخبار کے مطابق باخبر ذرائع کے مطابق ایگزیکٹیو کورٹ ایسے تمام سرمایہ کاروں ، املاک کا کاروبار کرنے والوں ، ڈائریکٹر جنرل، مجالس انتظامیہ کے سربراہوں، بینکوں اور بڑی کمپنیوں کے خلاف عملی اقدامات کی تیاریاں کررہی ہیں جو عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہیں۔ انہیں محکمہ تحقیقات و استغاثہ کے حوالے کیا جائیگا جہاں ان سے عدالتی فیصلے نافذ کرنے میں ٹال مٹول کی وجوہ دریافت کی جائیں گی۔ رپورٹ کے تناظر میں فرد جرم عائد کی جائیگی اورآخر میں ایگزیکٹیو عدالتیں ایسے افراد ، کمپنیوں او راداروں اور عہدیداروں کے خلاف مقررہ سزائیں قید اور جرمانے کی صورت میں جاری کرینگی۔اطلاعات یہ ہیں کہ بعض اداروں، سربراہوں اور اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کے حوالے سے باقاعدہ مزاحمت کی جارہی ہے۔ ان پر ایک الزام تو یہی عائد ہوگا دوسرا الزام یہ ہوگا کہ وہ بینکوں سے اپنے اثاثے نکلوا رہے ہیں تاکہ انکے خلاف مالیاتی سزائیں نافذ نہ کی جاسکیں۔