Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سڈنی ٹیسٹ، عامر جمال نے عمران خان کا ریکارڈ برابر کر دیا

عمران خان نے 1983 میں انڈیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز میں 117 رنز بنانے کے ساتھ 6 وکٹیں حاصل کی تھیں (فائل فوٹو)
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم جہاں اپنی دوسری اننگز میں شدید مشکلات کا شکار ہے وہیں گرین شرٹس کے لیے اس دورے پر عامر جمال کی آل راؤنڈ کارکردگی کسی ٹھنڈی ہوا کے جھونکے سے کم نہیں رہی۔
عامر جمال نے سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 82 رنز بنائے جس کےباعث پاکستانی ٹیم 313 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
اسی طرح عامر جمال نے آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
سڈنی ٹیسٹ میں عمدہ آل راؤنڈ پرفارمنس کے بعد عامر جمال نے پاکستان کے سابق عظیم کپتان اور آل راؤنڈر عمران خان کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔
عامر جمال کسی بھی ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے ایک اننگز میں 80 سے زیادہ سکور کرنے اور پھر 6 وکٹیں لینے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اس سے قبل عمران خان نے 1983 میں فیصل آباد میں انڈیا کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز میں 117 رنز اور پھر بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اسی طرح عمران خان نے 1976-1977 میں آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں 18 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ عامر جمال بھی کھیلی جا رہی تین ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں اب تک 18 شکار کر چکے ہیں۔
 

عامر جمال آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز میں 100 سے زائد رنز بنانے اور 10 سے زائد وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا میں ایک سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز عظیم حفیظ کے پاس ہے۔
عظیم حفیظ نے 1983 اور 1984 میں آسٹریلیا کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 19 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اگر عامر جمال دوسری اننگز میں آسٹریلیا کے خلاف مزید دو وکٹیں حاصل کر لیتے ہیں تو یہ ریکارڈ بھی اُن کے نام ہو جائے گا۔
اسی طرح نوجوان آل راؤنڈر عامر جمال آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز میں 100 سے زائد رنز بنانے اور 10 سے زائد وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اس سے قبل یہ اعزاز عمران خان اور وسیم اکرم کے پاس تھا۔

شیئر: