Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیکٹ چیک: کیا پاکستان میں سردی کا 100 برسوں کا ریکارڈ ٹوٹنے والا ہے؟

پاکستان کے محکمہ موسمیات کی جانب سے اس خبر یا بیان کی تردید سامنے آگئی ہے (فوٹو: محکمہ موسمیات)
پاکستان میں سوشل میڈیا بالخصوص واٹس ایپ اور فیس بک پر جمعرات سے محکمہ موسمیات سے منسوب ایک بیان گردش کر رہا ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 12 سے 15 جنوری تک پاکستان میں اتنی سردی پڑے گی کہ 100 برسوں کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔
صرف یہ ہی نہیں، اس بیان میں شہریوں کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ صوبہ پنجاب کے شہروں جن میں میانوالی، جہلم، جھنگ، گجرات سمیت دیگر کئی اضلاع شامل ہیں وہاں دن اور رات کو برف پڑ سکتی ہے۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس بیان میں اس بات کا بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 12 سے 15 جنوری تک کے دوران پاکستان اور بالخصوص صوبہ پنجاب کی تاریخ کی سخت ترین سردی پڑے گی۔
 

محکمہ موسمیات نے اس بیان کو جعلی اور بے بنیاد قرار دیا ہے (فوٹو: سکرین شاٹ)

سوشل میڈیا پر اس بیان کے وائرل ہونے کے بعد پاکستان کے محکمہ موسمیات کی جانب سے اس خبر یا بیان کی تردید سامنے آئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اس بیان کو جعلی اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
جمعے کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر محکمہ موسمیات نے اپنی ٹویٹ میں اس فیک نیوز کی نفی کرتے ہوئے لکھا کہ ’محکمہ موسمیات سوشل میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد خبروں کی تردید کرتا ہے۔‘
 
محکمہ موسمیات نے مزید لکھا کہ ’محکمہ موسمیات موسم کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ معمول کے مطابق ماہ جنوری سرد ترین مہینہ ہوتا ہے۔‘

شیئر: