Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیکٹ چیک: جہاز میں مسافروں کی لڑائی کی ویڈیو کہاں کی ہے؟

یہ واقعہ 27 دسمبر کا ہے اور لڑائی میں ملوث افراد انڈین شہری ہیں۔ (فوٹو: سکرین شاٹ)
گذشتہ دو دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں ایک مسافر طیارے میں کچھ افراد کو لڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور اس حوالے سے یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ لڑائی کے یہ مناظر پاکستان کے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں چار افراد کو ایک اور شخص کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
لیکن سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے حوالے سے کیا جانے والا دعویٰ درست نہیں کیونکہ یہ ویڈیو نہ پاکستان کی ہے اور جس مسافر طیارے میں یہ لڑائی ہوئے اس کا تعلق بھی پاکستان سے نہیں۔
ویڈیو کا اگر بغور جائزہ لیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ یہ تھائی لینڈ کی ’تھائی سمائل‘ ایئر لائنز کا طیارہ ہے اور اس طیارے میں لڑتے ہوئے دکھائی دینے والے افراد بھی انڈین شہری ہیں۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ سے منسلک صحافی سوربھ سنہا کے مطابق یہ لڑائی ’تھائی سمائل‘ کی بنکاک اور کلکتہ کے درمیان چلنے والی پرواز میں ہوئی ہے۔
انڈین اخبار کے مطابق لڑائی کا یہ واقعہ 27 دسمبر کو اس وقت پیش آیا جب ایئر بس اے 320 بنکاک ایئرپورٹ پر ٹیکسی کر رہی تھی۔
اس حوالے سے انڈیا کے وزیر برائے ہوابازی نے بھی ایک بیان جاری کیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ لڑائی میں ملوث افراد کے خلاف پولیس کو شکایت کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ایسا برتاؤ قابل قبول نہیں۔‘

شیئر: