Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیکٹ چیک: کیا جنوبی افریقی بیٹر ڈیوڈ ملر کی بیٹی انتقال کر گئیں؟

متعدد ویب سائٹس نے رپورٹ کیا کہ ڈیوڈ ملر کی بیٹی کا انتقال ہوگیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقی بیٹر ڈیوڈ ملر نے سنیچر کو انسٹاگرام پر ایک ویڈیو اور ایک سٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے ایک چھوٹی بچی کے انتقال کی خبر دی اور اس سے محبت کا اظہار بھی کیا۔
اپنی انسٹاگرام سٹوری میں ملر نے اس بچی اور اپنی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا ’میں آپ کو بہت یاد کروں گا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ نے زندگی میں ہر شخص اور چیلنج کو سینے سے لگایا اور مجھے سکھایا کہ زندگی کا ہر لمحہ جینا چاہیے۔‘
ان کی طرف سے انسٹاگرام پر یہ سٹوری لگانے کے بعد متعدد ویب سائٹس نے یہ خبر چلائی کہ جنوبی افریقی بیٹر کی بیٹی انتقال کرگئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے بھی ڈیوڈ ملر سے ان کی بیٹی کے انتقال پر تعزیت کی اور دکھ کا اظہار کیا۔
لیکن یہ تمام لوگ اس بات کی تصدیق کرنا بھول گئے کہ کیا واقعی جس کا انتقال ہوا ہے وہ ڈیوڈ ملر کی بیٹی ہی ہیں؟
یہ خبر جب متعدد ویب سائٹس پر چھپنے کے بعد سوشل میڈیا تک پہنچی تو دیگر صارفین نے لوگوں کو بتایا کہ یہ ایک جھوٹی خبر ہے۔

تصویر: سمیر الانا/ٹوئٹر

ابھیشیک کمار نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’وہ ان کی بیٹی نہیں تھی۔ لوگ یہ خبر پھیلا رہے ہیں کہ یہ ان کی بیٹی ہے۔‘
ابھیشیک نے انسٹاگرام سے ڈیوڈ ملر اور اس بچی کی ایک پانچ سال پرانی تصویر اٹھا کر ٹوئٹر پر لگائی اور کہا ’وہ (بچی) ان کی پرستار اور خیرخواہ تھی جسے ڈیوڈ ملر بہت پیار کرتے تھے اور وہ کینسر کے خلاف لڑائی ہار گئیں۔‘
این ڈی ٹی وی سے منسلک سپورٹس جرنلسٹ ابھیمنیو بوس نے بھی دیگر صارفین کو بتایا کہ وہ ایسی جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔
انہوں نے لکھا کہ ’یہ خبر دل توڑ دینے والی ہے لیکن اس کے باوجود ہمیں تصدیق کیے بغیر غلط معلومات نہیں شیئر کرنی چاہییں۔‘

شیئر: