الخبر (بی اے بھٹی) سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے، ان کو ووٹ کا حق دلانے اورحکومتی ایوانوں میں ان کی نمائندگی کا حق دلانے کے لئے کوشاں رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فرید پراچہ نے الخبر میں اپنے اعزاز میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑی سنجیدگی سے انتخابی اصلاحات کا بل نیشنل اسمبلی میں لانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن چند سیاسی جماعتوں کے قائدین کے غیر سنجیدہ رویوں اور عدم دلچسپی کی وجہ سے ابھی تک اس پر پیشرفت نہیں ہو سکی۔ہماری یہ کوشش ہے کہ انتخابی اصلاحات کے بل میں 62/63کی شق کے مطابق عوامی نمائندوں کا انتخاب ممکن ہو سکے۔ انتخابی اصلاحات پر جماعتوں کو ساتھ ملا کر کسی نتیجے پر پہنچنے کے لئے عیدالفطر کے بعد ازسر نو کوشش کی جائے گی۔ پاکستان فورم کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر میں پاکبانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سوالات کے جوابات میں انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کے عفریت نے عوام کا جینا محال کیا ہوا ہے۔ عوام کو تعلیمی اور طبی سہولیات فراہم کرنے کی بجائے حکومت چند شہروں میں میٹرواور رنگ برنگی موٹریں چلانے کو ترقی کا پیمانہ بنا رہی ہے جبکہ دیہی علاقوں کی زبوں حالی کا کوئی مداوا نہیں۔