Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ’خاموش بارات‘ کی ویڈیو انسٹاگرام پر وائرل

ہندی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں ایک ایسا ہی سین شامل کیا گیا تھا (فوٹو: آئی ایم ڈی بی)
شادی کے موقع پر جب بارات آتی ہے تو عموماً باراتی ڈھول باجے پر خوب ڈانس کرتے دکھائی دیتے ہیں تاہم انڈیا میں ایک ایسی بارات دیکھنے میں آئی ہے جہاں باراتی خاموشی سے ناچتے ہوئے دکھائی دیے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انڈین انفلوائنسر شیوانگی شِیوہارے نے ایسی ہی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے دوستوں کے ساتھ بارات میں گانوں پر ہیڈ فون لگائے خوب ڈانس کر رہی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیوانگی شِیوہارے کے علاوہ بارات میں باقی نوجوان اور باراتی بھی ہیڈ فون لگا کر ہلا گلا کر رہے ہیں۔
شیوانگی شِیوہارے نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اے دل ہے مشکل کی ڈی جے پارٹی میں شریک ہوں گی۔ کیا آپ بھی ایسی کسی پارٹی میں شریک ہونا چاہیں گے؟‘
ویڈیو کے اوپر شیوانگی شِیوہارے نے کیپشن ڈالا کہ ’نئے عہد کی خاموش بارات۔‘
 
یہاں واضح رہے کہ 2016 میں ریلیز ہونے والی ہندی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں ایک ایسا ہی سین شامل کیا گیا تھا جس میں رنبیر کپور اور انوشکا شرما نائٹ کلب میں ہیڈ فون لگا کر خاموشی سے ڈانس کرتے ہیں۔
دوسری جانب اس پوسٹ کو اب تک 7 لاکھ 43 ہزار سے زائد افراد کی جانب سے کی جانب سے لائک کیا جا چکا ہے جبکہ اس پوسٹ پر کئی دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
شرے سنگھ نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’لوگ راستے پر پاگل سمجھیں گے۔‘
رامی کور نے دلچسپ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری طرح کا کوئی خوب ناچنے والا ایسے ہیڈ فون کو توڑ دے گا۔‘
نکیتا سینگر نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’یہ شور کی آلودگی کو بچا رہے ہیں۔‘
ردھی نے تبصرے میں لکھا کہ ’ڈھول باجے والے کہیں گے کہ ہم کیا کریں اب۔‘
جَس نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ  کرتے ہوئے لکھا کہ ’گلی میں بارات کی آواز سن کر گھر پر ناچنے والے لوگوں کا کیا ہوگا اب۔‘

شیئر: