جدہ ( امین انصاری ) جی 21 بزنس گروپ جدہ کا سہ ماہی اجلاس ڈاکٹر سید علی محمود کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اس موقع پرشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید علی محمود نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو ہر گام پر رہبری اور مدد کی ضرورت ہے ۔ ہم میں سے ہر ایک شخص جو اپنے اندر اہلیت رکھتا ہے اس کو بروئے کار لاتے ہوئے امت مسلمہ کی خدمت کرکے اپنے رب کو راضی کرلیں ۔ رمضان المبارک کی قدر کریں۔ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اللہ کی عطا کردہ نعمتوں کو دوسروں کیلئے استعمال کرتے ہیں اور اپنے رب کو راضی کرلیتے ہیں ۔سید خواجہ وقار الدین (صدر ٹوئن سٹیز یوتھ ویلفیئر ایسوسی ایشن ) نے کہا کہ ہماری خدمت سب سے پہلے اور زیادہ حقدار والدین اور عزیز و اقارب ہیں ۔ ہمیں نام و نمود کیلئے نہیں بلکہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی رضا کیلئے کام کرنا چاہئے تاکہ ہماری آخرت سنور سکے ۔اعجاز احمد خان نے کہا کہ ہم اللہ کی راہ میں زیادہ سے زیادہ خرچ کریں ۔ شمیم کوثر (ٹرسٹی خاک طیبہ ٹرسٹ ) نے کہا کہ اگر ہم ایمانداری سے زکواۃ نکالیں تو کروڑوں مسلمان بے روزگار ی اور غربت کی سطح سے اوپر آسکتے ہیں ۔ڈائریکٹر جی 21 بزنس گروپ محمد عزیز نے مسلمانوں کو تجارت کرنے پر زور دیا اور کہا کہ سچا اور ایماندار تاجر قیامت میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ ہوگا ۔ ایونٹ کوآرڈینٹر محمود مصری نے کہا کہ اس ماہ مبارک کی برکت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلمان اپنے دلوں کو پاک و صا ف کرلیں اور قرابت کو ٹوٹنے سے بچائیں ۔ انہوں نے شرکت پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔