Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی20 میچ کل آکلینڈ میں کھیلا جائے گا

پاکستانی ٹیم کی قیادت نئے کپتان شاہین شاہ آفریدی کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل یعنی جمعے کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم اپریل 2023 کے بعد پہلی مرتبہ کوئی بھی ٹی20 میچ کھیلے گی۔
اس سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت نئے کپتان شاہین شاہ آفریدی کریں گے جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نائب کپتان ہوں گے۔
اس سیریز سے کین ولیمسن بطور کپتان اور کھلاڑی نیوزی لینڈ کی ٹی20 ٹیم میں واپسی کریں گے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 34 ٹی20 میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں 20 مرتبہ فتح گرین شرٹس اور 13 مرتبہ جیت کیویز نے حاصل کی جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اس سے قبل اپریل 2023 میں پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی گئی تھی جو 2-2 سے برابر رہی تھی۔
پاکستان کا سکواڈ
اس سیریز کے لیے پاکستان کے سکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر، نائب کپتان)، بابر اعظم، اعظم خان، فخر زمان، حسیب اللہ خان، افتخار احمد، صائم ایوب، صاحبزاہ فرحان، عامر جمال، محمد نواز، محمد وسیم، عباس آفریدی، ابرار احمد، حارث رؤف، زمان خان اور اسامہ میر شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کا سکواڈ
اس سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کے سکواڈ میں کین ولیمسن (کپتان)، فن ایلن، ڈیوون کونوے (وکٹ کیپر)، ٹِم سائفرٹ، مارک چیپمین، جوش کلارکسن، ڈیرل مِچل، گلین فلپس، مچل سینٹنر، لوکی فرگوسن، میٹ ہینری، ایڈم مِل، بین سیرز، اِش سوڈھی اور ٹِم ساؤتھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی20 میچ پاکستانی وقت کے مطابق جمعے کی صبح 11 بج کر 10 منٹ پر شروع ہوگا۔

شیئر: