Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیوی سے تکرار کے بعد شوہر کو تین سال قید کی سزا

ابو عبدالعزیز نے سنیپ چیٹ پر اپنی کہانی  بیان کی ہے۔فوٹو سوشل میڈیا
سعودی شہری ابو عبدالعزیز کو واٹس اپ پر چیٹنگ مہنگی پڑی اور تین برس کے لیے جیل جانا پڑا۔
’المرصد‘ کے مطابق ابو عبدالعزیز نے سنیپ چیٹ پر اپنی کہانی  بیان کی ہے۔
 سعودی شہری کا کہنا تھا کہ بیوی سے جھگڑا ہوگیا تھا۔ اس نے مرچ مسالہ لگا کر یہ قصہ اپنے بھائی کو سنایا۔

جھگڑا ہوتا ہے تو بیوی کہانی مرچ مسالہ لگا کر اپنے بھائی کو سنا دیتی ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا

’برادر نسبتی نے واٹس اپ پر مجھ سے تکرار کی اور پھر وہ سب کچھ ہوا جس کا نتیجہ آج میں قید و بند کی زندگی کی صورت میں گزار رہا ہوں‘۔
ابو عبدالعزیز نے بتایا کہ واٹس اپ پر ہونے والی تکرار کے بعد اپنا غصہ نکالنے کے لیے برادر نسبتی کے گھر پہنچ گیا۔ وہاں تلخ کلامی ہوئی اور پھر میں نے اسے گھر والوں کے سامنے مارا پیٹا۔ آخر میں معاملہ عدالت پہنچ گیا۔
ابو عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ ’عام طور پر یہی ہوتا ہے کہ شوہر اور بیوی کے درمیان جھگڑا ہوتا ہے تو بیوی کہانی مرچ مسالہ لگا کر اپنے بھائی کو سنا دیتی ہے‘۔
ابو عبدالعزیز نے مزید بتایا کہ میرا برادر نسبتی اپنی بہن کی یکطرفہ کہانی سن کر طیش میں آ گیا اور مجھے اشتعال دلانے لگا۔ میں برداشت نہ کرسکا نوبت مارپیٹ تک پہنچی۔
 ابو عبدالعزیزکا کہنا تھا کہ ’اب خود کو ملامت کر رہا ہوں۔ اگر غصہ قابو کرلیتا اور برادر نسبتی پر ہاتھ اٹھانے سے پہلے اصل کہانی جاننے کی کوشش کرتا تو آج جیل کے بجائے اپنے اہل و عیال کے ساتھ گھر میں ہوتا‘۔
ابو عبدالعزیز نے بتایا کہ طرفہ تماشا یہ ہے کہ اب میری بیوی ہمدردی ظاہر کر رہی ہے اور مجھے اس سے یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ ’سوری غلطی تو میری ہی ہے‘۔

شیئر: