Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کانفرنس میں ’اشرقت‘ حج کمپنی کےلیے بہترین پویلین کا ایوارڈ

کانفرنس 2024 میں 100 ممالک کے ایک لاکھ وزیٹرز شریک ہوئے ( فائل فوٹو: روئٹرز)
  سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے عرب ممالک کے حجاج کی خدمت پرمامور ادارے کے پویلین کو نمائش میں شریک دیگر پانچ پویلین میں سے ’بہترین پویلین ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔  
سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق جدہ کے سپرڈوم میں منعقدہ تین روزہ عالمی حج وعمرہ کانفرنس و نمائش کے آخری روز نمائش میں بہترین پویلین کے انعامات بھی رکھے گئے تھے۔ 
نمائش میں شامل مختلف اداروں کے مابین مقابلے کا انتظام تھا۔ اس حوالے سے حجاج کو خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے پانچ کمپنیوں کے پویلین کے درمیان مقابلہ تھا۔
عرب ممالک کے حجاج کی خدمت کے لیے مقرر ادارہ ’اشرقت‘ کو بہترین ایوارڈ کا حق دار قرار دیا گیا۔ 
نمائش کا اختتام جمعرات 11 جنوری کو ہوا جس میں نائب وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح سلیمان مشاط نے بہترین پویلین ایوارڈ ادارے کے چیئرمین محمد حسن معاجینی کو دیا۔ 
واضح رہے گزشتہ تین برس سے سالانہ بنیاد پر جدہ میں منعقد ہونے والی حج وعمرہ کانفرنس و نمائش انتہائی اہم ہوتی ہے جس میں دنیا بھر سے حج وعمرہ سیکٹر سے منسلک وفود بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ 
کانفرنس و نمائش میں حج وعمرہ کے حوالے سے جدید خیالات و تجاویز پیش کی جاتی ہیں جن کی روشنی میں آئندہ برسوں کے لیے حج وعمرہ کے حوالے سے زائرین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کیاجاتا ہے۔
حج و عمرہ کانفرنس 2024 میں تقریبا 100 ممالک کے ایک لاکھ وزیٹرز شریک ہوئے۔

شیئر: