امارات میں پرانے زیورات کی طلب کیوں بڑھ رہی ہے؟
متحدہ عرب امارات میں گزشتہ ہفتے کے آخر میں دبئی اور شارجہ گولڈ مارکیٹس میں مختلف قیراط کے فی گرام سونے کی قیمت میں ڈیڑھ درہم سے دو درہم تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق 24 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت دو درہم اضافے کے بعد 249 درہم ہوگئی۔
22 قیراط کی قیمت ڈیڑھ درہم اضافے کے بعد 230.5 درہم تک پہنچ گئی۔
علاوہ ازیں 21 قیراط کے نرخ دو درہم اضافے سے 223.25 درہم، 18 قیراط کی ڈیڑھ درہم اضافے سے 191.25 درہم ہوگئے۔
دبئی میں زیورات کے ایک شوروم کے انچارج نے کہا ’ سونے کے نرخوں میں حالیہ اضافے پر زیورات کی طلب کم ہوئی ہے تاہم پرانے ڈیزائن اور ماڈل کے زیورات کی طلب بڑھی ہے۔‘
’ پرانے زیورات بہت کم مینوفیکچرنگ لاگت پر فروخت کیے جاتے ہیں۔‘
ایک اور شوروم کے انچارج نے بتایا’ سونے کے نرخ بڑھنے پر پرانا زیور نکال رہے ہیں اور نئے ڈیزائن کے زیورات خریدنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔‘