Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20: پاکستان انڈیا میچ نیویارک کے سٹیڈیم میں، ’میرے گاؤں کا گراؤنڈ اس سے بہتر ہے‘

ناساؤ سٹیدیم ایک ماڈیولر سٹیڈیم کی حیثیت رکھتا ہے جسے عارضی طور پر سٹیل اور ایلومینیم ٹیکنالوجی سے بنایا جائے گا (فوٹو: پیٹر ڈیلا ڈانا)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کا انڈیا بمقابلہ پاکستان میچ 9 جون کو نیو یارک میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک پوسٹ میں  نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم کی تصویریں اور ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں جس کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ اس سٹیڈیم میں پاکستان اور انڈیا کا میچ کھیلا جائے ہوگا۔
یہ پوسٹ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیٹر ڈیلا ڈانا نامی صارف نے شیئر کی جس میں لکھا گیا کہ سٹیڈیم ابھی تک تعمیر نہیں ہوا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک اور ویڈیو میں نیویارک کا ایک اور گراؤنڈ دکھایا گیا ہے جس کے متعلق بھی یہی کہا گیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز یہاں کھیلے جائیں گے۔
ویڈیو میں گراؤنڈ کی حالت زیادہ اچھی نہیں لگ رہی جہاں کرکٹ ورلڈ کپ کھیلا جا سکے۔ 
ناساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم کی ویڈیوز پر سوشل میڈیا صارفین مختلف تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ویراٹ کوہلی ایف سی نامی اکاؤنٹ نے خراب آؤٹ فیلڈ کا ذکر کیا تو جواب میں صارف وپن تیواری نے لکھا کہ آدھے پلیئرز تو بھاگتے بھاگتے ہی آؤٹ ہو جائیں گے۔
ایکس صارف ریشما نے تبصرہ کیا کہ اس سے اچھی گراؤنڈ تو ان کے گاؤں میں ہوتی ہے۔
صارف ناٹ نمن نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’آپ دیکھیں کیسے 6 مہینوں میں اس سٹیڈیم کو جنت بنا دیا جائے گا۔‘
سپورٹس ویب سائٹ کرک ٹریکر کے مطابق ناساؤ سٹیدیم ایک ماڈیولر سٹیڈیم کی حیثیت رکھتا ہے جسے عارضی طور پر سٹیل اور ایلومینیم ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تیار کیا جائے گا۔
ماڈیولر سٹیڈیم کی تعمیر میں عموماً دو سے تین ماہ لگتے ہیں اور انڈیا اور پاکستان کے میچ کی میزبانی کرنے والے اس ماڈیولر سٹیڈیم میں 34,000 شائقین کی گنجائش ہوگی۔
ناساؤ سٹیدیم کی تعمیر کا عمل جنوری 2024 کے آخر سے شروع ہونا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ مئی تک اسے مکمل کر لیا جائے گا۔

شیئر: