سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بدھ کو ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم کے دوران برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور انہیں مختلف شعبوں میں مضبوط بنانے اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر خطے کی صورتحال اور بین الاقوامی امن و سلامتی پر پڑنے والے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ڈیوس میں ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان نے بھی ملاقات کی۔
وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے دلچسپی کے متعدد امور، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں، بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔
غزہ اور اس کے گرد ونواح کی صورتحال، فوری جنگ بندی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے عالمی برادری کے کردار کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سوئٹزرلینڈ میں سعودی سفیر ڈاکٹر عادل مرداد اور وزیر خارجہ کے مشیر محمد الیحیی بھی موجود تھے۔