Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پروازوں میں تاخیر، سیرین ایئر اور ایئر بلیو کو شوکاز نوٹس

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ’دونوں آپریٹرز نے ریگولیٹری قوانین کو نظرانداز کیا‘ (فوٹو:پاکستان ایوی ایشن)
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروازوں میں تاخیر اور مسافروں کے حقوق کی خلاف ورزی پر سیرین ایئر اور ایئر بلیو کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
جمعرات کو ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق پروازوں میں طویل تاخیر اور متعدد منسوخیوں نے بڑی تعداد میں مسافروں کو متاثر کیا۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق سیرین ایئر اور ایئر بلیو کو بالترتیب 2 جنوری اور 15 جنوری کو نوٹس جاری ہوئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر بلیو اور سیرین ایئر اپنے اپنے فلائٹ آپریشنز بروقت اور باقاعدگی سے انجام دینے میں ناکام رہی ہیں۔
’دونوں آپریٹرز نے تسلیم شدہ ریگولیٹری قوانین کو نظرانداز کیا جس سے مسافروں کے لیے خاصی مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔‘
ایئر بلیو اور سیرین ایئر کو مالی جرمانے اور لائسنس کی معطلی یا منسوخی جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
اس حوالے سے طے شدہ پروازوں کی تعداد کو کم کرنے جیسے اقدامات بھی عمل میں لائے جاسکتے ہیں۔
دونوں آپریٹرز کو سات دن میں اپنے اپنے جوابات جمع کرانے کا کہا گیا۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ’پی سی اے اے مسافروں کی آسانی، سکیورٹی اور سہولت کو برقرار رکھنے کا اعادہ کرتی ہے۔‘

شیئر: