الباحہ کمشنری میں 2 گاڑیوں میں ہولناک تصادم
جمعرات 18 جنوری 2024 19:07
حادثے میں 3 افراد زخمی ہوئے (فوٹو، عاجل نیوز )
باحہ ریجن میں ہلال احمر کے ترجمان عماد الزہرانی نے کہا ہے کہ الباحہ روڈ پر المندق کمشنری میں 2 گاڑیوں کے درمیان ٹکر سے خوفناک ٹریفک حادثہ ہوا۔
ایک گاڑی میں سوار نوجوان اور اس کی بہن زخمی ہوگئے جبکہ دوسری گاڑی کا ڈرائیور بھی شدید زخمی ہوا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق الزہرانی نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہلال احمر کی دو ٹیمیں جائے وقوعہ پرپہنچ گئیں۔
حادثے کے تینوں زخمیوں کی حالت نازک تھی ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں المندق ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ہلال احمر نے پرزور اپیل کی ہے کہ جب بھی کوئی حادثہ پیش آئے پہلی فرصت میں 997 پر رابطہ کیا جائے یا ’اسعفنی‘ ایپ اور توکلنا کے ذریعے رجوع کیا جائے۔ زخمیوں کی اطراف بھیڑ سے گریز کیا جائے اور ہلال احمر کے اہلکاروں کو زخمیوں تک پہنچنے میں مدد دی جائے۔