Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سے عمرے کے لیے جاتے ہوئے ٹریفک حادثہ، یمنی ڈاکٹر اور فیملی کے چار افراد ہلاک 

ٹرک ان کی گاڑی سمیت دو اور گاڑیوں سے ٹکرا کر الٹ گیا (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں ریاض سے عمرے کےلیے مکہ مکرمہ جاتے ہوئے کنگ فہد میڈیکل سٹی کے ڈاکٹر جاعم الشبحی الیافعی اور ان کی فیملی کے چار افراد ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔
مخالف سمت سے آنے والا ٹرک گاڑی پر الٹ جانے کے باعث ہلاک ہوگئے۔ 
الوئام اور العربیہ نیٹ کے مطابق ڈاکٹر جاعم الشبحی الیافعی کا تعلق یمن سے ہے۔ حادثے میں ان کی دو بیٹیاں اور بیٹا بھی زخمی ہے۔ جنہیں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل کردیا گیا۔
حادثے میں ڈاکٹر الیافعی کی اہلیہ محفوظ رہیں۔ 
ڈاکٹر فہد الخضیری نے ایکس اکاؤنٹ پر اطلاع دی کہ’ ڈاکٹر جاعم الشبحی الیافعی اپنی گاڑی سے فیملی کے ساتھ مکہ مکرمہ جارہے تھے کہ حادثہ پیش آیا۔‘
ڈاکٹر الیافعی کنگ فہد میڈیکل سٹی ریاض میں کینسر کنسلٹنٹ کے طور پر کام کررہے تھے۔ وہ یمن کے ممتاز ترین ڈاکٹروں میں سے ایک تھے۔
 وقت کے پابند اور مریضوں کا خیال  رکھتے تھے۔ کینسرکے مریضوں کو ٹیلیفونک رابطے کے ذریعے رضاکارانہ مشورے بھی دیا کرتے تھے۔ 
ڈاکٹر مشبب العسیرینے کہا کہ’ ان کے رفیق کار ڈاکٹر الیافعی فیملی کے ساتھ  عمرے کے سفر پرخوش تھے۔‘
ان کے مطابق ’حادثہ المزاحمیہ پہنچنے پر اس وقت ہوا جب ایک  پاکستانی ٹرک ڈرائیور مخالف سمت سے آتے ہوئے ان کی گاڑی سمیت دو اور گاڑیوں سے ٹکرا کر الٹ گیا۔‘
ڈاکٹر الیافعی کے 8 بیٹے ہیں۔ بڑا بیٹا یونیورسٹی اور چھوٹا بیٹا پرائمری کا طالب علم ہے۔
وہ قرآن کریم کی تلاوت اور حفظ کے درس بھی دیا کرتے تھے۔ ان کی اہلیہ  قرآن حافظہ تھیں۔ ان کے پانچ بیٹے بھی حافظ قرآن ہیں۔ 

شیئر: