Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پچاس سال  بعد سعودی بھائیوں کی ملاقات  

بھتیجے نے ای میل پر رابطہ کرکے انہیں خاندان والوں کے بارے میں مطلع کیا(فوٹو، العربیہ)
پچاس سال بعد دوسعودی بھائیوں کی ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق امریکی یونیورسٹی کلامازو میں فزکس کے پروفیسر ڈاکٹر مضحی الشھری نے بتایاکہ 55 برس قبل والدہ کی وفات کے بعد اپنے قصبے  النماص سے  ریاض چلا گیا۔
جہاں انہوں نے اپنے  سوتیلے بھائی کے ساتھ قیام کیا۔ ثانوی کی تعلیم حاصل کی۔ بعدازاں سکالر شپ پر امریکہ چلے گئے۔ امریکہ ہی میں سکونت پذیر ہوگئے۔ اسی دوران والد کا بھی انتقال ہوگیا۔ 
ڈاکٹر مضحی کے بھائی محمد الشھری نے بتایا  کہ خاندان کے لوگ 50 سال تک ڈاکٹر مضحی کو دیکھنے سے محروم رہے۔ ہم سب لوگ ان سے ملنے کے مشتاق تھے۔ وہ اپنی تعلیم میں مصروفیت کی وجہ سے امریکہ میں رہتے رہے۔ وہ فزکس کے پروفیسر  اور سکالر ہیں۔
محمد الشھری نے بتایا کہ جب میرے بھائی النماص سے رخصت ہوئے تھے تب میں پرائمری سکول کی چوتھی جماعت میں تھا۔ اس کے بعد سے ہماری ملاقات ہی نہیں ہوئی تھی۔ 
برسہا برس بعد ڈاکٹر مضحی کے بھتیجے نے ای میل پر ڈاکٹر مضحی کے نام ایک خط بھیجا جس میں انہوں نے تحریر کیا کہ پورا خاندان آپ سے ملاقات کا مشتاق ہے۔ سب لوگ آپ کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ 
فیملی کے دوست محمد العامر نے  بتایا  کہ انہوں نے ڈاکٹر مضحی سے ان کے گھر پر ملاقات کرکے انہیں ان کے گھر والوں کے جذبات سے آگاہ کرنے کی کوشش کی تھی جس پر انہوں نے سماجی رابطہ وسائل کے ذریعے  گھر والوں سے رابطے شروع کردیے تھے۔ 
العامر کا کہنا ہے کہ انہوں نے ڈاکٹر مضحی کو النماص قریے میں ان کے پرانے گھر  کی پرانی ویڈیوز بھی دکھائیں جنہیں دیکھ کر وہ  زاروقطار رونے لگے۔ ویڈیو دیکھ کر ان کے دل میں النماص آنے اور گھر والوں سے ملنے کا جذبہ ابھر آیا۔ 
 وہ چار روزہ دورے پر سعودی عرب آئے اب ان کا وعدہ ہے کہ وہ موسم گرما کی تعطیلات النماص ہی میں گزاریں گے۔ 
ڈاکٹر مضحی نے  اپنے گھر والوں سے ملاقات اور مکہ مکرمہ کی زیارت اورعمرے کی سعادت ملنے پر دلی خوشی کا اظہار کیا۔
فیملی کے تمام افراد ان کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ 50 سال بعد گھر والوں سے ملاقات کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ 

شیئر: