Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی پرو لیگ فرینچ لیگ ون سے بہتر ہے، کرسٹیانو رونالڈو

دبئی میں ہونے والی تقریب میں کرسٹیانو رونالڈو کو سال کا بہترین اور فینز کا پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا گیا (فوٹو: النصر کلب)
عالمی شہرت یافتہ فٹ بولر کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ سعودی پرو لیگ فرانس کی لیگ ون سے بہتر ہے اور وہاں مقابلے کی فضا بھی زیادہ ہے۔
عرب نیوز کے مطابق انصر کے سپر سٹار نے دبئی میں گلوب سوکر ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ایمانداری کی بات یہ ہے کہ میرے خیال میں سعودی لیگ فرینچ لیگ سے زیادہ بری نہیں ہے۔‘
گلوب سوکر ایوارڈ کی تقریب میں ان کو سال کے بہترین گول کرنے والے اور پچھلے 12 ماہ کے دوران فینز کے پسندیدہ ترین کھلاڑی کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
کرسٹیانو رونالڈو نے مزید کہا کہ ’میرے خیال میں فرینچ لیگ میں آپ کو دو یا تین ٹیمیں اچھے معیار پر ملتی ہیں جبکہ سعودی لیگ میں مقابلے کی فضا اس سے زیادہ ہے۔‘
ان کے مطابق ’لوگ چاہیں تو کچھ اور بھی کہہ سکتے ہیں، یہ صرف میری رائے ہے، میں وہاں ایک سال تک کھیلا ہوں اس لیے جانتا ہوں کہ میں کیا کہہ رہا ہوں۔‘
کرسٹیانو رونالڈو کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں ہم فرینچ لیگ سے بہتر ہیں جبکہ مزید بہتری بھی جاری ہے۔‘
پرتگال سے تعلق رکھنے والے فٹ بال سٹار نے پچھلے برس پریمیئر مانچسٹر یونائیٹڈ سے سعودی کلب میں شمولیت اختیار کی تھی، جس کے لیے مبینہ طور پر 200 ملین ڈالر کی ڈیل ہوئی تھی۔
انہوں نے 2023 کے دوران کلب اور اپنے ملک کے لیے شاندار گول کیے۔
رونالڈو کا کہنا تھا کہ ’میں اس سیزن کا بہترین گول سکورر ہوں، تصور کریں ارلنگ ہالینڈ جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو پچھاڑنے کا، مجھے اس پر فخر ہے اور میں جلد ہی 39 سال کا ہونے والا ہوں۔‘
ان کے مطابق ’مجھے اچھا لگتا ہے جب لوگ میرے بارے میں شکوک میں متبلا ہوں اور میں جیت جاؤں جبکہ تنقید بھی مجھ پر اثرانداز نہیں ہوتی۔‘

شیئر: