Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شعیب ملک سے شادی، جدہ میں پیدا ہونے والی ثنا جاوید کے کیریئر پر نظر

ثنا جاوید اور شعیب ملک کی شادی کراچی میں ہوئی جس کا اعلان انہوں نے سنیچر کو کیا (فوٹو: شعیب ملک ایکس اکاؤنٹ)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی دوسری اہلیہ اداکارہ ثنا جاوید 25 مارچ 1993 کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں پیدا ہوئیں۔
جدہ کے پاکستان انٹرنیشنل سکول اور کالج سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد ثنا جاوید اپنی فیملی کے ہمراہ لاہور منتقل ہو گئیں۔
بعدازاں انہوں نے یونیورسٹی آف کراچی سے گریجوایشن کی ڈگری حاصل کی۔
شوبز کا کیریئر:
ثنا جاوید نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز 2012 میں ڈرامہ ’شہرِ ذات‘ سے کیا اور اس کے بعد دیگر کئی ڈراموں میں بھی انہوں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
رومانوی ڈرامہ ’خانی‘ میں ان کے کردار اور جاندار اداکاری سے انہیں شہرت ملی اور ’لکس سٹائل ایوارڈ‘ کے لیے انہیں نامزد کیا گیا۔
ثنا جاوید کے دیگر ڈراموں میں ’میرا پہلا پیار‘، ’پیارے افضل’، ’رنجش ہی سہی‘، ’مینو کا سُسرال‘، ’میری دُلاری‘ اور ’حصارِ عشق‘، ’گویا‘ اور چِنگاری‘ شامل ہیں۔
’دِل کا کیا رنگ کروں‘، ’کوئی دیپک ہو‘، ’مانا کا گھرانہ‘، ’اعتراض‘، ’ذرا یاد کر‘، ’انتظار‘ اور ’کالا ڈوریا‘ اور بعض دیگر ڈراموں میں بھی انہوں نے کام کیا۔
انہیں بہترین اداکارہ کا پاکستان انٹرنیشنل سکرین ایوارڈ (پی آئی ایس اے) اور نند کا بہترین کردار ادا کرنے پی ’پیپلز چوائس ایوارڈ‘ بھی ملا۔
سماجی موضوعات پر مبنی ان کے ڈراموں ’رُسوائی‘ اور ’ڈنک‘ سے انہیں مزید پذیرائی ملی۔
ثنا جاوید ماڈلنگ بھی کرتی ہیں اور متعدد اشتہارات میں بھی کام کر چکی ہیں۔
اس کے علاوہ ثنا جاوید نے پاکستان کے شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم، حنا نصراللہ اور دیگر کی میوزک ویڈیوز میں بھی کام کیا۔

ثنا جاوید نے پہلی شادی اکتوبر 2020 میں گلوکار عمیر جسوال کی، تاہم 2023 میں طلاق ہوگئی (فائل فوٹو: ثنا جاوید انسٹاگرام)

انہوں نے پہلی شادی اکتوبر 2020 میں گلوکار عمیر جسوال سے کراچی میں شادی کی تھی۔ ان کی شادی صرف تین برس تک چل سکی اور 28 نومبر 2023 کو دونوں میں طلاق ہوگئی۔
ثنا جاوید نے دوسری شادی پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک سے 19 جنوری 2024 کو کراچی میں ہی کی۔ دونوں نے اپنی شادی کا اعلان 20 جنوری کو سوشل میڈیا پر کیا۔
شعیب ملک سے دوسری شادی کے بعد انہوں نے اپنا نام بدل لیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سے شادی کے بعد ہی ثنا جاوید نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنا نام ‘ثنا شعیب ملک’ کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال 25 مارچ کو شعیب ملک نے ثنا جاوید کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارک باد بھی دی تھی۔

شیئر: