جدہ (نیوزڈیسک) سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر ایم ایچ حجار سے انکے ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔ انہوں نے بینک کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر انہیں مبارکباد پیش کی او رکامیابی کی دعا کی۔ انہوں نے ترقیاتی بینک کو دنیا کا انتہائی اہم ادارہ بنانے کیلئے انکی کوششوں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ڈاکٹر بندر نے بھی سفیر پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر خان ہشام کو مبارکباد پیش کی۔سفیر پاکستان نے اسلامی ترقیاتی بینک کی شاندار کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عالمی ، سیاسی اور اقتصادی منظر نامے میں یہ بینک انتہائی اہم اسٹیک ہولڈر بن کر ابھرے اور اہم کردارادا کرے۔انہوں نے پاکستان کیلئے بینک کی سرمایہ کاری کی تعریف کی او رمختلف شعبوں میں اسکی امداد کو سراہا۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہمیں صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچوں کے شعبوں میں مزید تعاون کی ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے آئی ڈی بی کو پاکستان میں اپنی موجودگی میں اضافہ کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر حجار نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لئے بینک کے منصوبے میں کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ بینک پاکستان کی حمایت کرتا رہیگا۔ سفیر پاکستان نے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔